Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی عرب میں سیاحت کے فروغ کے لیے 800 ارب ڈالر کے منصوبے

الدرعیہ میں عالمی یوم سیاحت پر گالا ایونٹ میں 120 ممالک کے 500 سے زیادہ حکام اور ماہرین نے شرکت کی (فوٹو: عرب نیوز)
سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض کے شمال میں واقع الدرعیہ میں عالمی یوم سیاحت کے موقع پر ایک گالا ایونٹ میں 120 ممالک کے 500 سے زیادہ حکام، سیاحت کے رہنماؤں اور ماہرین نے شرکت کی ہے۔
عرب نیوز کے مطابق یونیسکو کے عالمی ثقافتی ورثے کے مقام پر جمع مہمانوں میں سیاحت کے 50 وزرا بھی شامل تھے جو سعودی وزیر سیاحت احمد الخطیب کی میزبانی میں منعقدہ کانفرنسوں، اقوام متحدہ کی عالمی سیاحتی تنظیم کے انیشیٹوز اور نجی شعبے کے اجلاسوں کے سلسلے میں مملکت میں موجود تھے۔
یو این ڈبلیو ٹی او کے سیکریٹری جنرل زوراب پولیکا شیولی کو اس تقریب کے دوران سیشنز اور سرگرمیوں میں ان کی قیادت اور شراکت کے لیے اعزاز سے نوازا گیا۔
سعودی وزیر سیاحت احمد الخطیب نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ’دسمبر 2022 میں اپنے تاریخی افتتاح کے بعد سے الدرعیہ پہلے ہی دس لاکھ وزیٹرز کا خیرمقدم کر چکا ہے۔‘
انہوں نے کہا کہ ’سعودی عرب 2030 تک سالانہ 100 ملین وزیٹرز کو راغب کرنے کا ہدف بنائے گا کیونکہ یہ ٹریول ہاٹ سپاٹ اور دنیا کے سب سے زیادہ دیکھنے والے ممالک میں سے ایک بننے کے لیے 800 بلین  ڈالر کی لاگت کے منصوبے کو تیز کرنا چاہتا ہے۔‘
احمد الخطیب نے کہا کہ ’سعودی عرب خطے میں پہلے ہی سب سے زیادہ دیکھا جانے والا ملک ہے اور دہائی کے آخر تک یہ شعبہ مملکت کی جی ڈی پی میں 10 فیصد سے زیادہ حصہ ڈالے گا۔‘
الدرعیہ کے سی ای او جیری انزیریلو نے کہا کہ یہ مناسب تھا کہ گالا ایونٹ کی میزبانی کے لیے الدرعیہ کو چنا گیا تھا۔
انہوں نے کہا کہ ’الدرعیہ کمپنی ملکت کی بھرپور تاریخ کے ساتھ ایک تعلق کو مجسم کرتی ہے جہاں ایک قوم پیدا ہوئی تھی۔‘
جیری انزیریلو نے کہا کہ ’الدرعیہ ثقافتوں اور نسلوں کے درمیان ایک پل کا کام کرتا ہے جو دنیا کے سب سے بڑے اجتماعی مقامات میں سے ایک کے طور پر اپنے کردار کو دوبارہ زندہ کرتا ہے اور ایک اعلیٰ ثقافتی سیاحتی مقام کے طور پر ابھرتا ہے۔‘
الدرعیہ کے سی ای او نے کہا کہ ’سیاحت کا عالمی دن ورثے کے تحفظ، ثقافتی تبادلے کو فروغ دینے اور دنیا بھر سے آنے والوں کے لیے ناقابل فراموش تجربات تیار کرنے کے عالمی عزم کی عکاسی کرتا ہے۔‘

شیئر: