Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی ولی عہد سے ریاض میں جنوبی کوریا کے صدر کی ملاقات، کئی معاہدوں پر دستخط

سعودی ولی عہد اور کوریا کے صدر یون سک یول نے باضابطہ مذاکرات کیے (فوٹو: ایس پی اے)
سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے اتوار کو ریاض میں جنوبی کوریا کے صدر یون سک یول کا قصر الیمامہ میں خیر مقدم کیا۔
سرکاری خبر رساں ایجنسی ایس پی اے اور عرب نیوز کے مطابق کورین صدر کےلیے باضابطہ سرکاری استقبالیہ تقریب کا انعقاد کیا گیا۔
جنوبی کوریا کے صدر نے گارڈ آف آنر کا معائنہ کیا۔ اس موقع پر دونوں ملکوں کے قومی ترانے بجائے گئے۔
 بعد ازاں سعودی ولی عہد اور صدر یون سک یول نے باضابطہ مذاکرات کیے۔دونوں ملکوں کے درمیان متعدد دوطرفہ معاہدوں اور مفاہمت کی یادداشتوں پر دستخط کیے گئے۔
 سعودی عرب اور کوریا کے درمیان دوطرفہ تعلقات کا جائزہ لیا گیا۔ دونوں ملکوں کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون کے پہلووں کو بڑھانے کے لیے مشترکہ کوششوں کا جائزہ اور دستیاب وسائل کی اس طرح سرمایہ کاری کے مواقع پر بات چیت کی گئی جس سے مشترکہ مفادات حاصل کیے جا سکیں۔
علاوہ ازیں علاقائی اور بین الاقوامی پیش رفت اور متعلقہ امور کے علاوہ مشترکہ مفادات اور اس حوالے سے کی جانے والی کوششوں پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
قبل ازیں سنیچر کی شب جنوبی کوریا کے صدر یون سک یول سعودی عرب کے سرکاری دورے پر ریاض پہنچے تو کنگ خالد انٹرنیشنل ایئر پورٹ پر ریجن کے نائب گورنر شہزادہ محمد بن عبدالرحمن نے خیرمقدم کیا۔

شیئر: