Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

وی آئی پی چور گرفتار

کوچی۔۔۔۔پولیس نے ممبئی کے ایک فلیٹ سے ایسے چور کو گرفتار کیا ہے جو ایک شہر سے دوسرے شہر بذریعہ طیارہ پہنچتا وہاں اعلیٰ درجے کے ہوٹلوں میں قیام کرتا اور وہاں آنے والے امیر مہمانوں کو لوٹ کر فرار ہوجاتا۔47سالہ قمرالدین شیخ کا تعلق ممبئی کے علاقے اندھیری سے ہے۔ اس نے جنوری میں 3بڑے ہوٹلوں میں یہ وارداتیں کیں۔اسے اس وقت گرفتار کیا گیا جب کوچی کے ایک ہوٹل میں سی سی ٹی وی کیمرے نے اسکی ساری حرکت فلم بند کرلی۔ملزم ہوٹل میں مقیم ایک شخص سے ساڑھے 3لاکھ روپے مالیت کا سامان لوٹ کر فرار ہوگیا تھا۔ پولیس کے افسرکا کہنا ہے کہ ملزم کرناٹک، راجستھان، گجرات اور تامل ناڈومیں بھی اسی طرح کی وارداتیں کرچکا ہے۔ اس نے اپنا ٹھکانا ممبئی میں بنا رکھا تھا۔ملزم کوچین کے انٹر نیشنل ایئرپورٹ پہنچا اور چوری کرنے کے بعد ایک گھنٹے سے پہلے ہی رٹرن ٹکٹ بک کرالیا۔وہ سوٹ اور ٹائی پہن کر ہوٹل میں کمرہ لیتا تھا۔مختلف کمروں کے دروازے کھولتا ، کمرہ خالی ہوتا تو سارا قیمتی سامان لوٹ لیتا۔اس کے بعد آن لائن پر ٹیکسی بلواتا ، ایئرپورٹ جاتا اور پرواز کرجاتا۔

شیئر: