سعودی عرب، پاکستان اور ترکیہ کے دفاعی معاہدے پر اہم اجلاس، اسلام آباد میں ٹریفک پلان جاری کردیا گیا
سعودی عرب، پاکستان اور ترکیہ کے دفاعی معاہدے پر اہم اجلاس، اسلام آباد میں ٹریفک پلان جاری کردیا گیا
جمعرات 26 نومبر 2026 10:33
دونوں شہروں کو پبلک ٹرانسپورٹ کی سہولت فراہم کرنے والا فیض آباد بس ٹرمینل بھی اسی دوران بند رہے گا۔ (فوٹو: اے ایف پی)
پاکستان رواں ہفتے اسلام آباد میں تینوں ممالک کے درمیان دفاعی معاہدے پر عمل درآمد کے طریقہ کار پر بات چیت کی میزبانی کی تیاری کر رہا ہے۔
ایک سینیئر پاکستانی عہدیدار نے اتوار کو عرب نیوز کو بتایا تھا کہ تینوں ممالک کے درمیان مذاکرات 26 اور 27 نومبر کو اسلام آباد میں متوقع ہیں جن میں مکہ دفاعی معاہدے کو عملی شکل دینے کے امور پر غور کیا جائے گا۔
وزارت خارجہ کے ایک عہدیدار نے جمعرات کو عرب نیوز کو بتایا کہ غیر ملکی وفود اسی شام اسلام آباد پہنچنا شروع ہو جائیں گے۔
اسلام آباد پولیس نے اپنے ٹریفک ایڈوائزری میں کہا ہے کہ غیر ملکی وفود کی آمدورفت کے پیش نظر وفاقی دارالحکومت میں خصوصی ٹریفک انتظامات کیے جائیں گے۔ تاہم پولیس کے اعلامیے میں آنے والے وفود کے نام ظاہر نہیں کیے گئے۔
اسلام آباد ٹریفک پولیس کے مطابق جمعرات شام 6 بجے سے ہفتے 28 نومبر کی رات ساڑھے 12 بجے تک موٹروے اور جی ٹی روڈ کے ذریعے بھاری گاڑیوں کا اسلام آباد اور راولپنڈی میں داخلہ بند رہے گا۔
دونوں شہروں کو پبلک ٹرانسپورٹ کی سہولت فراہم کرنے والا فیض آباد بس ٹرمینل بھی اسی دوران بند رہے گا۔
اس کے علاوہ جمعرات رات 10 بجے سے ہفتے کی رات ساڑھے 12 بجے تک میٹرو بس اور الیکٹرک بس سروس سیونتھ ایونیو سٹیشن سے پاک سیکریٹریٹ کے درمیان معطل رہے گی۔
مارگلہ ہلز کے ہائیکنگ ٹریل 3 اور 5 جمعہ 27 نومبر کو صبح 6 بجے سے رات 11 بجے تک عام شہریوں کے لیے بند رہیں گے۔
پولیس نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ پابندیوں کے دوران اسلام آباد اور راولپنڈی کے غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور گھر سے نکلنے سے پہلے سرکاری ذرائع سے ٹریفک کی تازہ صورت حال معلوم کر لیں۔
سعودی وزیر دفاع شہزادہ خالد بن سلمان، پاکستان کے آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر اور ترکیہ کے انٹیلی جنس چیف ابراہیم قالن 26 اکتوبر 2026 کو تہران میں ایرانی صدر، وزیر خارجہ اور قومی سلامتی کونسل کے سربراہ سے ملاقات کے دوران۔ (فوٹو: اے ایف پی)
پاکستان، سعودی عرب اور ترکیے کا دفاعی معاہدہ کیا ہے؟
پاکستان کے وزیراعظم شہباز شریف، سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان اور ترکیے کے صدر رجب طیب اردوغان نے اگست میں مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے پر دستخط کیے تھے۔
یہ معاہدہ ایسے وقت میں سامنے آیا جب امریکا اور ایران کے درمیان جنگ کے باعث خلیجی خطے میں سکیورٹی خدشات بڑھ گئے تھے۔
پاکستان اور سعودی عرب نے ستمبر 2025 میں باہمی دفاعی تعاون کا عہد کیا تھا، جبکہ مکہ معاہدے کے ذریعے ترکیے کو بھی اس سہ فریقی دفاعی شراکت داری میں شامل کر لیا گیا۔
معاہدے کے تحت تینوں ممالک نے اس اصول پر اتفاق کیا کہ ان میں سے کسی ایک ملک پر مسلح حملے کو تینوں ممالک پر حملہ تصور کیا جائے گا۔
پاکستان کے نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار پہلے ہی کہہ چکے ہیں کہ اس معاہدے کی اعلیٰ سطحی سکیورٹی کمیٹی کا اجلاس نومبر کے اختتام سے قبل اسلام آباد میں ہوگا۔
دفتر خارجہ کے مطابق اجلاس میں معاہدے کے تحت ہونے والی پیش رفت کا جائزہ لیا جائے گا اور تینوں ممالک کے درمیان رابطوں اور تعاون کو مزید بہتر بنانے پر غور ہوگا۔ دفتر خارجہ نے واضح کیا ہے کہ یہ معاہدہ دفاعی نوعیت کا ہے اور کسی ملک کے خلاف نہیں۔
31 اگست کو استنبول میں پاکستان، سعودی عرب اور ترکیے کے وزرائے خارجہ، وزرائے دفاع اور عسکری سربراہوں کے اجلاس میں اس اتحاد کے معاملات میں رابطہ کاری کے لیے ریاض میں مستقل سیکریٹریٹ قائم کرنے پر اتفاق کیا گیا تھا۔
تینوں ممالک نے دفاعی ٹیکنالوجی مشترکہ طور پر تیار کرنے اور اس کی پیداوار بڑھانے پر بھی اتفاق کیا تھا۔
اس کے بعد 5 اکتوبر کو تینوں ممالک کے نمائندے سعودی دارالحکومت ریاض میں دوبارہ جمع ہوئے، جہاں سعودی عرب کو درپیش خطرات پر ہنگامی مذاکرات کیے گئے۔
اجلاس میں مکہ اور مدینہ کو نشانہ بنانے کی کوششوں اور سعودی شہروں، شہری تنصیبات اور اقتصادی مراکز پر حملوں کی مذمت کی گئی تھی۔
اسی اجلاس میں پاکستان کے ریٹائرڈ لیفٹیننٹ جنرل نعمان محمود کو اس دفاعی اتحاد کا پہلا سیکریٹری جنرل مقرر کرنے کی بھی توثیق کی گئی۔ وہ تین سال کے لیے یہ ذمہ داری انجام دیں گے۔ پاکستان نے 23 ستمبر کو ان کی تقرری کا اعلان کیا تھا۔