Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

حدود ِشمالیہ: ڈریگن فلائی کا ’ماحولیاتی توازن برقرار رکھنے میں اہم کردار‘

ڈریگن فلائی کے جسم کی لمبائی 33 سے 40 ملی میٹر تک ہوتی ہے (فوٹو: ایس پی اے)
سرخ رگوں والی ڈریگن فلائی (سمپیٹرم فونسکولومبی) ہجرت کرنے والی بھنبھیری کی ایک قسم ہے جو ماحولیاتی توازن برقرار رکھنے میں اہم کردار ادا کرتی ہے۔
سعودی پریس ایجنسی کے مطابق ڈریگن فلائی کی یہ قسم لیبیلولِڈی خاندان سے تعلق رکھتی ہے اور اس کے جسم کی لمبائی 33 سے 40 ملی میٹر تک ہوتی ہے۔
بالغ نر اپنے شوخ سرخ رنگ اور پروں کی سرخ رگوں کی وجہ سے نمایاں ہوتے ہیں جبکہ مادہ عموماً زرد رنگ کی ہوتی ہیں۔
سرخ رگوں والی ڈریگن فلائیز ساکن یا آہستہ بہنے والے پانی میں افزائش نسل کرتی ہیں جن میں تالاب اور بارش کے بعد بننے والے عارضی جوہڑ بھی شامل ہیں۔
حدودِ شمالیہ میں امان انوائرمینٹل ایسوسی ایشن کے رکن عدنان خلیفہ کے مطابق ’سرخ رگوں والی ڈریگن فلائی ایک فائدہ مند شکاری حشرہ ہے جو ماحولیاتی توازن برقرار رکھنے میں مدد دیتی ہے۔‘

انہوں نے بتایا کہ اس کی زندگی کے ابتدائی مراحل پانی سے وابستہ ہوتے ہیں، اس لیے آبی ذخائر کی موجودگی اس کی افزائش نسل اور پھیلاؤ میں اہم کردار ادا کرتی ہے۔
ڈریگن فلائی کی یہ قسم دوران پرواز چھوٹے حشرات کو پکڑ کر اپنی خوراک بناتی ہے اور مچھروں اور مکھیوں سمیت بعض حشرات کی تعداد کو کنٹرول کرنے میں اہم ماحولیاتی کردار ادا کرتی ہے۔

حدودِ شمالیہ میں دیکھی جانے والی سرخ رگوں والی ڈریگن فلائی طویل فاصلے تک سفر کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔
موسمی حالات اور رہنے کے لیے موزوں ماحول کی دستیابی اس کے پھیلاؤ پر اثر انداز ہوتی ہے۔ یہ افریقہ، ایشیا، یورپ اور جزیرہ نمائے عرب کے مختلف علاقوں میں پائی جاتی ہے۔
 

شیئر: