کنگ عبداللہ سٹی میں توانائی کے شعبے میں قومی اقدامات اور مستقبل کے رجحانات پر نمائش
جمعرات 26 نومبر 2026 8:34
کنگ عبداللہ سٹی برائے جوہری اور قابل تجدید توانائی نے اسلامک یونیورسٹی مدینہ منورہ اور توانائی کے شعبے سے وابستہ متعدد اداروں کے تعاون سے آگاہی اور رابطے کے فروغ کے لیے ایک نمائش کا انعقاد کیا۔
سعودی پریس ایجنسی کے مطابق بدھ کو منعقد کی گئی یہ نمائش مملکت کے توانائی کے شعبے میں قومی افرادی قوت کی معاونت اور استعداد کار بڑھانے کے اقدام کا حصہ تھا۔
نمائش کا مقصد توانائی کے شعبے، اس کے مختلف ذرائع اور شعبہ جات کے بارے میں عوامی آگاہی بڑھانا، مدینہ منورہ کی یونیورسٹیوں کے طلبہ کو توانائی کے مختلف ذرائع اور شعبوں سے متعارف کرانا اور توانائی کے شعبے سے وابستہ اداروں اور تعلیمی حلقوں کے درمیان روابط کو مضبوط بنانا ہے۔
اس کے علاوہ توانائی کے پائیدار مستقبل کو یقینی بنانے کے لیے اس شعبے میں قومی کوششوں اور اقدامات کو اجاگر کرنا بھی نمائش کے مقاصد میں شامل ہے۔
نمائش میں طلبہ کو توانائی کے مختلف شعبوں، ان کے استعمال اور مستقبل کے رجحانات سے متعلق سائنسی اور تعلیمی مواد کے ذریعے شریک اداروں کی کوششوں، اہم پروگراموں، اقدامات اور منصوبوں کے بارے میں جاننے کا موقع ملا۔
نمائش نے طلبہ کو شریک اداروں کے نمائندوں سے براہ راست رابطے اور علم و تجربات کے تبادلے کا موقع بھی فراہم کیا۔

نمائش کے تحت تین خصوصی ورکشاپس کا بھی انعقاد کیا گیا جن میں عمارتوں میں توانائی کے استعمال کی کارکردگی بہتر بنانے کے بعد شمسی توانائی کے نظام کی مناسب گنجائش کے تعین کا طریقہ کار، منصوبوں کے انتظام کے بنیادی اصولوں اور پیشہ ورانہ طریقوں پر روشنی ڈالی گئی۔
ورکشاپس میں یونیورسٹی کے طلبہ کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور انہیں لیبر مارکیٹ کے تقاضوں کے لیے تیار کرنے میں ان صلاحیتوں کے کردار پر بھی توجہ دی گئی۔
ان ورکشاپس کا مقصد طلبہ کے علم میں اضافہ اور ان کی پیشہ ورانہ مہارتوں کو فروغ دینا تھا۔