Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

بلوچستان کابینہ میں تبدیلیوں کی تیاری، کئی وزرا کو ہٹائے جانے، کچھ کے قلمدان بدلنے کا امکان

بلوچستان میں اس وقت مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی کی مشترکہ حکومت ہے (فوٹو: ریڈیو پاکستان)
بلوچستان میں پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ (ن) کی اتحادی حکومت نے صوبائی کابینہ میں رد و بدل پر اتفاق کر لیا ہے۔ حکومتی ذرائع کے مطابق یہ تبدیلیاں رواں ہفتے کے آخر تک متوقع ہیں۔
کئی وزراء کو ہٹانے اور نئے چہروں کو سامنے لانے کا فیصلہ کیا گیا ہے جبکہ موجودہ وزرا اپنی  وزارتیں بچانے کے لیے  سرگرم ہوگئے ۔
صوبائی وزیر خزانہ اور مسلم لیگ (ن)  کے رہنما میر شعیب نوشیروانی نے اردو نیوز سے بات کرتے ہوئے تصدیق کی کہ کابینہ میں تبدیلیوں کا امکان ہے اور اس سلسلے میں اتحادی جماعتوں کے درمیان مشاورت جاری ہے۔
بلوچستان حکومت کے ایک عہدیدار نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر اردو نیوز کو بتایا کہ ‘پیپلز پارٹی کے پارلیمانی لیڈر صادق عمرانی اور ن لیگ کے کئی وزراء سے وزارتیں واپس لینے اور متعدد نئے ارکان اسمبلی کو وزارتیں دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔‘
حکومتی حلقے رد و بدل کی وجہ وزراء کی کارکردگی بتا رہے ہیں تاہم ذرائع کا کہنا ہے کہ اس میں پارٹیوں کے اندرونی دباؤ اور بعض دیگر عوامل بھی شامل ہیں۔
پیپلز پارٹی اور ن لیگ کے بعض ذرائع کے مطابق کچھ ارکان اسمبلی حکومت اور اپنی جماعتوں کی قیادت پر کابینہ میں تبدیلی کے لیے دباؤ ڈال رہے ہیں۔ ان ارکان کا مؤقف ہے کہ موجودہ وزراء اپنی آئینی مدت کا تقریباً نصف حصہ مکمل کر چکے ہیں اس لیے اب دوسرے ارکان کو بھی حکومتی ذمہ داریاں ملنی چاہییں۔
حکومتی ذرائع کے مطابق صادق عمرانی کو کابینہ سے الگ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ سیاسی حلقے اسے حالیہ تنازعات اور ان کے خلاف سامنے آنے والی بعض شکایات کے تناظر میں دیکھ رہے ہیں۔
صادق عمرانی پیپلز پارٹی بلوچستان کے سینئر ترین ارکان میں شمار ہوتے ہیں اور پچھلی چار دہائیوں سے پارٹی سے وابستہ ہیں۔
وہ پہلی مرتبہ 1988 کے انتخابات میں رکن اسمبلی منتخب ہوئے تھے جبکہ 2024 کے انتخابات میں چوتھی مرتبہ ایوان کا حصہ بنے۔ موجودہ اسمبلی میں ان کی اہلیہ شہناز عمرانی بھی خواتین کی مخصوص نشست پر رکن اسمبلی ہیں۔

حکومتی ذرائع کے مطابق صادق عمرانی کو کابینہ سے الگ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے (فوٹو: اے پی پی)

صادق عمرانی 31 اگست کو بلوچستان اسمبلی کے اجلاس میں کی گئی ایک تقریر کے بعد مشکلات میں گھرے ہوئے ہیں۔
اس میں انہوں نے کہا تھا کہ اسلام آباد میں ایک اجلاس کے دوران بلوچستان سے بلائے گئے اراکین اسمبلی اور قبائلی عمائدین کو مبینہ طور پر بے عزت کیا گیا۔
اس پر تین ستمبر کو اسمبلی کے اجلاس میں ان کی اپنی جماعت کے اراکین سمیت حکومتی ارکان نے وفاقی اداروں کے بارے میں مبینہ قابل اعتراض الفاظ استعمال کرنے پر ان کے خلاف قرارداد پیش کی۔صادق عمرانی نے بعد میں وضاحت کرتے ہوئے معذرت بھی کی۔
ذرائع کے مطابق انہیں اور ان کے خاندان کے افراد کو محکمہ اینٹی کرپشن اور مختلف اداروں کی جانب سے نوٹس بھی موصول ہوئے ہیں۔
صادق عمرانی نے رابطہ کرنے پر کہا کہ  وہ اس معاملے پر تبصرہ نہیں کرنا چاہتے۔
ان سے کابینہ میں تبدیلی سے متعلق کوئی مشاورت کی گئی اور نہ ہی ان کے پاس اس متعلق کوئی معلومات ہیں۔
حکومتی ذرائع کا کہنا ہے کہ ن لیگ کی جانب سے صوبائی وزیر تعلیم راحیلہ حمید درانی اور وزیر ریونیو عاصم کرد گیلو سے وزارتیں واپس لینے کا گرین سگنل دیا گیا تھا لیکن اب اس عمل میں تاخیر ن لیگ کی جانب سے ہو رہی ہے۔
متوقع کابینہ ردوبدل کے پیشِ نظر بعض وزرا اپنی پوزیشن محفوظ بنانے کی کوششوں میں مصروف ہیں جبکہ وزارتوں کے خواہاں ارکانِ اسمبلی اسلام آباد میں پارٹی اور اتحادی قیادت سے رابطوں میں سرگرم ہیں۔

راحیلہ درانی سے بھی وزارت واپس لیے جانے کا امکان ہے (فوٹو: بلوچستان اسمبلی)

راحیلہ درانی پارٹی کے مشکل دور میں ساتھ دینے کی وجہ سے مرکزی قیادت کے قریب سمجھی جاتی ہیں۔ ذرائع کے مطابق اس سے پہلے بھی انہیں ہٹانے کی دو کوششیں ناکام ہو چکی ہیں اور وہ اس وقت اپنی وزارت بچانے کے لیے سرگرم ہیں۔ لیگی ذرائع کا کہنا ہے کہ شریف خاندان کی ایک با اثر خاتون بھی راحیلہ درانی کو ہٹانے کے حق میں نہیں۔
نئے ناموں کے بارے میں ذرائع نے بتایا کہ پیپلز پارٹی سے تعلق رکھنے والے پارلیمانی سیکریٹری اسفند یار کاکڑ کو مشیر بنا کر لوکل گورنمنٹ کا محکمہ دینے کی تجویز زیر غور ہے۔
ن لیگ کے برکت علی رند کو منصوبہ بندی و ترقی کا محکمہ سونپنے پر غور ہو رہا ہے جو اس وقت پیپلز پارٹی کے ظہور بلیدی کے پاس ہے۔ ظہور بلیدی کو آبپاشی کا محکمہ دینے پر بھی غور کیا جا رہا ہے۔
جماعت اسلامی بلوچستان کے امیر مولانا ہدایت الرحمان، جو گوادر سے گوادر کو حق دو تحریک کے ٹکٹ پر رکن اسمبلی منتخب ہوئے، انہیں محکمہ ماہی گیری دیے جانے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔
ن لیگ کے نوابزادہ زرین مگسی کو محکمہ تعلیم دینے پر غور ہو رہا ہے۔ ان کا تعلق جھل مگسی کے بااثر نواب خاندان سے ہے اور وہ لسبیلہ سے تعلق رکھنے والے سابق وزیراعلیٰ اور وفاقی وزیر تجارت جام کمال کے داماد ہیں۔
محکمہ ریونیو کے لیے ن لیگ کے زرک خان مندوخیل اور حاجی محمد خان لہڑی میں سے کسی ایک کا نام زیر غور ہے۔
ذرائع کے مطابق اس معاملے پر لابنگ بھی جاری ہے۔ ن لیگ سے تعلق رکھنے والے  گورنر بلوچستان جعفر مندوخیل اپنے داماد اور کوئٹہ سے رکن اسمبلی زرک مندوخیل کو  جبکہ سابق وزیراعلیٰ جام کمال اپنے داماد زرین مگسی کو کابینہ میں شامل کرانا چاہتے ہیں۔
ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ یہ تبدیلیاں گزشتہ دو تین دنوں میں متوقع تھیں لیکن ان میں مزید تاخیر ہو گئی تاہم اب یہ تبدیلیاں اس ہفتے کے آخر تک ہوسکتی ہیں۔

فروری 2024 میں ہونے والے انتخابات میں کوئی بھی جماعت سادہ اکثریت حاصل نہیں کر پائی تھی (فائل فوٹو: اے ایف پی)

ان کے مطابق وزیراعلیٰ میر سرفراز بگٹی نے پہلے پیپلز پارٹی کی صوبائی پارلیمانی پارٹی اور قیادت سے مشاورت کی۔
اس کے بعد انہوں نے حالیہ دنوں میں اسلام آباد میں نائب وزیراعظم وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق سمیت  ن لیگ کی مرکزی قیادت سے بات چیت کی جس کے نتیجے میں اتحادی جماعتوں کے درمیان کابینہ میں رد و بدل پر اتفاق ہوا۔
حکومتی ذرائع کے مطابق ن لیگ کی قیادت نے وزیراعلیٰ کو بتایا کہ پارٹی اپنے وزراء اور مشیروں کے بارے میں فیصلہ خود کرے گی۔
واضح رہے اس وقت بلوچستان حکومت میں 13 وزراء، پانچ مشیر اور 16 پارلیمانی سیکریٹریز کام کر رہے ہیں۔ ان میں چھ وزرا، تین مشیروں اور سات پارلیمانی سیکریٹریز کا تعلق پیپلز پارٹی سے ہے جبکہ پانچ وزراء، دو مشیروں اور چھ پارلیمانی سیکریٹریز کا تعلق ن لیگ سے ہے۔
بلوچستان عوامی پارٹی کے دو وزیر بھی کابینہ کا حصہ ہیں۔ بلوچستان عوامی پارٹی، عوامی نیشنل پارٹی اور جماعت اسلامی بھی حکومتی اتحاد میں شامل ہیں،  تاہم ان تینوں جماعتوں کے پاس پارلیمانی سیکریٹری کا صرف ایک ایک عہدہ ہے۔
18 ویں ترمیم کے تحت وزرا کی تعداد محدود کر کے 14 اور مشیروں کی تعداد پانچ کر دی گئی تھی تاہم 2025 میں ستائیسویں ترمیم کے بعد آئین کے آرٹیکل 130 کے تحت 65 رکنی اسمبلی میں صوبائی کابینہ کی زیادہ سے زیادہ تعداد 17 ارکان اور وزیراعلیٰ کے مشیروں کی تعداد سات تک ہو سکتی ہے۔

حالیہ مہینوں میں یہ بات سامنے آئی کہ ن لیگ اور پی پی نےنے سرفراز بگٹی کو وزیراعلیٰ برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا ہے (فوٹو: اے پی پی)

اس وقت کابینہ میں 13 وزرا اور پانچ مشیر ہیں اس لیے مزید وزرا اور دو مشیر شامل کرنے کی گنجائش موجود ہے۔
فروری 2024 کے عام انتخابات کے بعد بلوچستان اسمبلی میں کسی ایک جماعت کو سادہ اکثریت حاصل نہیں ہوئی تھی۔ اس کے بعد پیپلز پارٹی اور ن لیگ نے مشترکہ حکومت بنانے کا فیصلہ کیا۔ مرکز میں دونوں جماعتوں کی قیادت کے درمیان طے پانے والے فارمولے کے تحت وزارت اعلیٰ پیپلز پارٹی کو ملی، جبکہ گورنر کا عہدہ اور بعض اہم وزارتیں ن لیگ کے حصے میں آئیں۔ مارچ 2024 میں میر سرفراز بگٹی بلوچستان کے وزیراعلیٰ منتخب ہوئے۔
اس سے پہلے ن لیگ کے صوبائی صدر اور گورنر جعفر مندوخیل سمیت ن لیگ کی جانب سے یہ دعویٰ کیا گیا تھا کہ دونوں جماعتوں کے درمیان ڈھائی سال بعد وزیراعلیٰ کی تبدیلی کا معاہدہ بھی ہے۔ تاہم ڈھائی سال پورے ہونے کے باوجود سرفراز بگٹی عہدے پر برقرار ہیں۔
حالیہ مہینوں میں یہ بات سامنے آئی کہ دونوں جماعتوں نے سرفراز بگٹی کو پانچ سالہ مکمل آئینی مدت کے لیے وزیراعلیٰ برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔
اس وقت 65 رکنی ایوان میں پیپلز پارٹی اور ن لیگ کی 18، 18 نشستیں ہیں۔ جمعیت علمائے اسلام (ف) کے 12، بلوچستان عوامی پارٹی کے پانچ، نیشنل پارٹی کے چار اور عوامی نیشنل پارٹی کے تین ارکان ہیں۔ بی این پی مینگل، بی این پی عوامی، جماعت اسلامی اور حق دو تحریک کے ایک ایک رکن کے علاوہ ایک آزاد رکن بھی اسمبلی کا حصہ ہے۔

شیئر: