کرشمہ کپور اور کرینہ کپور کے پسندیدہ کھانے کون سے ہیں؟
جمعرات 26 نومبر 2026 9:49
کھانوں کی فہرست خاص طور پر سمندری خوراک پسند کرنے والوں کے لیے پرکشش تھی (فوٹو: ارمان چین انسٹاگرام)
جین فیملی نے اتوار کو ایک خصوصی لنچ کا اہتمام کیا جس میں کرینہ کپور خان، کرشمہ کپور اور این سی پی رہنما سپریا سولے نے شرکت کی۔ ارمان جین نے اس خاندانی ملاقات کی تصاویر انسٹاگرام پر شیئر کیں، جن میں مہمانوں، خاندانی ماحول اور خصوصی کھانوں کی جھلک دکھائی گئی۔
انڈین نیوز چینل این ڈی ٹی وی کے مطابق کھانوں کی فہرست خاص طور پر سمندری خوراک پسند کرنے والوں کے لیے پرکشش تھی۔ دسترخوان پر خستہ فرائیڈ جھینگے، مسالہ فرائی مچھلی، سمندری غذا پر مشتمل مختلف سالن اور مصالحے دار پلاؤ یا بریانی پیش کی گئی۔
سنہری رنگ کے کرنچی جھینگے اور مصالحوں میں لپٹی ہوئی مچھلی اس ضیافت کا نمایاں حصہ تھے، جبکہ سمندری خوراک سے تیار کردہ سالن خوشبودار چاولوں کے ساتھ پیش کیے گئے۔ کھانا پکانے کے شوقین ارمان جین نے ایک مختصر ویڈیو بھی شیئر کی جس میں وہ باورچی خانے میں کھانا تیار کرتے دکھائی دیے۔
لنچ میں جین خاندان کے کئی افراد شریک ہوئے۔ ارمان جین کے ساتھ ان کے والدین ریما جین اور منوج جین، اہلیہ انیسا ملہوترا اور جڑواں بھائی آدر جین بھی موجود تھے۔ ان کی کزنز کرینہ کپور اور کرشمہ کپور بھی تقریب کا حصہ بنیں، جبکہ سپریا سولے خصوصی طور پر اس خاندانی دعوت میں شریک ہوئیں۔
کپور خاندان کی کھانوں سے محبت صرف پُرتکلف دعوتوں تک محدود نہیں بلکہ کئی روایتی پکوان خاندانی یادوں سے بھی جڑے ہوئے ہیں۔ انہی میں سے ایک بھولا بسرا پکوان کرشنا راج کپور کی ’کھٹا شاہی‘ ہے، جو اب دوبارہ منظر عام پر آیا ہے۔ اس میں ارمان جین اور خاندانی دوست ہنی ایرانی نے اہم کردار ادا کیا۔
چند روز قبل ارمان نے ایک ویڈیو شیئر کی تھی جس میں وہ اپنی والدہ ریما جین اور ڈمپل کپاڈیا کے ساتھ ہنی ایرانی کے گھر میں اس پرانے پکوان سے لطف اندوز ہوتے نظر آئے۔ یہ ڈش کرشنا راج کپور کی ریسیپی بک سے گم ہو گئی تھی اور خاندان کافی عرصے سے اسے دوبارہ تلاش کرنے کی کوشش کر رہا تھا۔
ویڈیو میں ڈمپل کپاڈیا نے مزاحیہ انداز میں خود کو ’واحد حقیقی کپور‘ قرار دیتے ہوئے کہا کہ ’ایک ڈش تھی جسے کھٹا شاہی کہتے تھے اور مجھے وہ بہت پسند تھی۔ آخرکار اب ہم اس کی ریسیپی دوبارہ حاصل کرنے میں کامیاب ہو رہے ہیں۔‘
ارمان جین نے وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ ’یہ میری نانی کی ریسیپی بک سے غائب ہو گئی تھی اور آخرکار ہمیں مل گئی۔ ہنی آنٹی نے محبت سے ہمیں اپنے گھر بلا کر یہ ڈش کھلائی۔‘
