Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

رشوت لینے کا الزام، فواد چوہدری دو روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے

فواد چوہدری کے خلاف 50 لاکھ روپے کی خرد برد کا مقدمہ ایک شہری نے درج کرایا تھا (فوٹو: پی آئی ڈی)
اسلام آباد کی مقامی عدالت نے سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری کو رشوت لینے کے الزام میں دو روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کر دیا ہے۔
اتوار کو  استحکام پاکستان پارٹی کے رہنما فواد چوہدری کو ڈیوٹی مجسٹریٹ عباس شاہ کی عدالت میں پیش کیا گیا۔
فواد چوہدری کو پولیس سکیورٹی میں ڈسٹرکٹ جوڈیشل کمپلیکس لایا گیا اور اس دوران ان کے چہرے پر کپڑا اور ہاتھوں میں ہتھکڑی تھی۔
پولیس نے سابق وفاقی وزیر کے جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی جس پر عدالت نے ان کا دو روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کرتے ہوئے پولیس کے حوالے کر دیا۔
اس موقع پر فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ ’‏میرے پھیپڑوں کا مسئلہ ہے، مجھے ڈاکٹر تک رسائی دی جائے۔‘
یاد رہے کہ فواد چوہدری کے خلاف 50 لاکھ روپے کی خرد برد کا مقدمہ ایک شہری نے درج کرایا تھا۔
فواد چوہدری کو سنیچر کو اسلام آباد میں اُن کے بھائی فیصل چوہدری کے گھر کے باہر سے حراست میں لیا گیا تھا۔
اس سے قبل مئی میں فواد چوہدری کو سپریم کورٹ کے باہر اسلام آباد کی پولیس نے گرفتار کیا تھا۔
9 مئی کے واقعات کے بعد پاکستان تحریک انصاف کے رہنماؤں اور کارکنان کو گرفتار کیا گیا تاہم بعد میں کچھ رہنماؤں کو رہا بھی کیا گیا۔

شیئر: