Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

فواد چوہدری اسلام آباد سے گرفتار، اسد قیصر اڈیالہ جیل منتقل

مئی میں فواد چوہدری کو سپریم کورٹ کے باہر اسلام آباد کی پولیس نے گرفتار کیا تھا۔ (فوٹو: سکرین گریب)
پاکستان تحریک انصاف کے سابق رہنما فواد چوہدری کو تیسری مرتبہ گرفتار کر لیا گیا ہے۔
اہل خانہ نے کہا ہے کہ فواد چوہدری کو اسلام آباد سے ان کے بھائی فیصل چوہدری کے گھر کے باہر سے گرفتار کیا گیا۔
ان کے بھائی فراز چوہدری نے کہا ہے کہ ’فواد چوہدری کو کہاں منتقل کیا گیا کچھ نہیں معلوم۔‘
سابق وفاقی وزیر کی اہلیہ حبہ فواد چوہدری نے بھی ان کی گرفتاری کی تصدیق کی ہے۔
اس سے قبل مئی میں فواد چوہدری کو سپریم کورٹ کے باہر اسلام آباد کی پولیس نے گرفتار کیا تھا۔
9 مئی کے واقعات کے بعد پاکستان تحریک انصاف کے رہنماؤں اور کارکنان کو گرفتار کیا گیا تاہم بعد میں کچھ رہنماؤں کو رہا بھی کیا گیا۔

جمعے کو سابق سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کو بھی اسلام آباد سے گرفتار کیا گیا تھا۔  

سابق سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر جوڈیشل ریمانڈ پر اڈیالہ جیل منتقل

ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹس اسلام آباد نے سابق سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کا جوڈیشل ریمانڈ منظور کرتے ہوئے انہیں اڈیالہ جیل بھیج دیا۔
اسلام آباد پولیس نے اسد قیصر کو جوڈیشل مجسٹریٹ قدرت اللہ کی عدالت میں پیش کر کے جوڈیشل ریمانڈ کی درخواست کی۔
اسلام آباد پولیس نے بتایا کہ اسد قیصر کو خیبر پختونخوا میں کرپشن کے مقدمے میں گرفتار کیا گیا ہے۔
خیبر پختونخوا کے محکمہ اینٹی کرپشن نے اسد قیصر کی گرفتاری کی درخواست کی تھی۔
پی ٹی آئی کے وکیل شعیب شاہین نے کہا کہ کسی کے مقدمے میں گرفتار کرنے کا اختیار اسلام آباد پولیس کو کس نے دیا۔
عدالت نے اینٹی کرپشن خیبرپختونخوا پولیس کو اسد قیصر کے حوالے سے قانونی کارروائی مکمل کرنے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ ’کے پی پولیس اپنا پراسس مکمل کر لے لیکن اس میں ایک ہفتے سے زائد کا وقت نہ لگے۔‘

شیئر: