Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی کابینہ کا اجلاس، غزہ میں جنگ بندی کے لیے کوششیں جاری رکھنے کا عزم

کابینہ کا اجلاس ریاض میں شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی صدارت میں منعقد ہوا۔ (فوٹو: ایس پی اے)
سعودی کابینہ نے غزہ میں جنگ بند کرانے کے لیے علاقائی اور بین الاقوامی فریقوں کے ساتھ مل کر کوششیں جاری رکھنے کا عزم ظاہر کیا ہے۔
اجلاس میں کہا گیا کہ’ فلسطینی عوام کی مدد کرتے رہے ہیں، کررہے ہیں اور آئندہ بھی کرتے رہیں گے‘۔ 
 خبررساں ادارے ایس پی اے کے مطابق کابینہ کا اجلاس منگل کو ریاض میں شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی صدارت میں منعقد ہوا۔ 
اجلاس میں کہا گیا کہ’ سعودی عرب مسئلہ فلسطین  کے جامع اور مبنی بر انصاف حل کے راستے کی بحالی اور غزہ میں فوری جنگ بندی کے لیے علاقائی و بین الاقوامی فریقوں کے ساتھ کام کررہا ہے۔ 
سعودی کابینہ نے فلسطینی عوام کی سپورٹ کےلیے سعودی عرب کے موقف کا اعادہ کیا جس میں فلسطینی بھائیوں کی مدد کے لیے عطیات مہم اور ان کی مدد شامل ہے۔ 
وزیراطلاعات سلمان الدوسری نے اجلاس کے بعد بتایا کہ کابینہ میں متعدد ممالک کے ساتھ سعودی عہدیداروں کے مذاکرات کے حوالے سے رپورٹ پیش کی گئی۔ 
فریقین نےعلاقائی اور بین الاقوامی سطح پر کثیر فریقی مسائل اور چیلنجوں کے حوالے سے تعاون بڑھانے کا عزم ظاہر کیا۔ 
 کابینہ نے منگولیا کے ساتھ سیاسی مشاورت کے سلسلے میں مفاہمتی یادداشت، مصر کے ساتھ جانوروں کی طبی خدمات کے سلسلے میں پانچ سالہ تعاون کے معاہدے کی منظوری دی۔ 
 وزیر تجارت کو مصر کے ساتھ تحفظ صارفین کے حوالے سے مفاہمتی یادداشت اور وزیر سیاحت کو تیونس اور کورٹ ڈیوار کے ساتھ  سیاحت کے شعبے میں تعاون کی مفاہمتی یادداشتوں،وزیر مواصلات و انفارمیشن ٹیکنالوجی کو مراکش اور روانڈا کے ساتھ ڈیجیٹل گورنمنٹ کے شعبوں میں تعاون کی یادداشتوں کا اختیاردیا گیا۔ 
کابینہ نے تیل کے ماسوا برآمدات کے فروغ کے سلسلے میں مصر کے ساتھ مفاہمتی یادداشت، کینیا اور نائجیریا کے ساتھ بدعنوانی کے انسداد کی مفاہمتی یادداشتوں کی منظوری دی۔
 پیمائش اور تشخیص کے ذرائع کی تجدید کے شعبے میں ماریطانیہ  کے ساتھ مفاہمتی یادداشت کا اختیار سعودی عرب میں تعلیم و تربیت کے معیار جانچنے والے ادارے کے سربراہ کو تفویض کیا۔ 
 کابینہ نے دہشت گردی کے جرائم اور اس کی فنڈنگ کے  انسداد کے سلسلے میں ماریطانیہ کے ساتھ تعاون کے معاہدے، سینیگال، بنین، چاڈ اور ٹوگو کے ساتھ  منی لانڈرنگ اور دہشت گردی کی فنڈنگ کے  انسداد کے حوالے سے مفاہمتی یادداشتوں کی منظوری دی گئی۔

شیئر: