سعودی نائب وزیر خارجہ سے جدہ میں اسحاق ڈار اور دیگر وزرا کی ملاقاتیں
اتوار 11 جنوری 2026 19:42
دوطرفہ تعلقات،حالیہ علاقائی اور بین الاقوامی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ (فوٹو: ایس پی اے)
سعودی نائب وزیرخارجہ انجینیئر ولید الخریجی سے سنیچر کو جدہ میں صومالیہ کی صورتحال پر او آئی سی وزرائے خارجہ کونسل کے غیرمعمولی اجلاس کے دوران پاکستان کے نائب وزیراعظم و وزیرخارجہ اسحاق ڈار نے ملاقات کی۔
ایس پی اے کے مطابق ملاقات میں پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان دوطرفہ تعلقات کا جائزہ،حالیہ علاقائی اور بین الاقوامی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
سعودی نائب وزیر خارجہ سے فلسطین کی خارجہ اور تارکین کے امور کی وزیر فارسین آغا بکیان شاھین نے بھی ملاقات کی۔
دوطرفہ تعلقات، غزہ کی حالیہ صورتحال اور اس حوالے سے کی جانے والی کوششوں پر بات کی گئی۔
گیمبیا کے وزیرخارجہ سیرین مودو نجی، قطر کے وزیر مملکت برائے خارجہ سلطاب بن سعد المریخی، بنگلہ دیش کے وزیرخارجہ توحید حسین، مالدیپ کے وزیرخارجہ ڈاکٹر عبداللہ خلیل نے بھی ملاقاتیں کیں۔
ان ملاقاتوں میں دوطرفہ تعلقات کا جائزہ اور حالیہ علاقائی اور بین الاقوامی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
اس موقع پر مکہ مکرمہ میں وزارت خارجہ کی برانچ کے ڈائریکٹر جنرل فرید بن سعد الشھری بھی موجود تھے۔
قبل ازیں انجینیئر ولید الخریجی نے سعودی وزیر خارجہ کی نیابت کرتے ہوئے او آئی سی کے غیر معمولی اجلاس میں شرکت کی۔
انہوں نے اپنے خطاب میں صومالیہ کی خودمختاری، اتحاد اور علاقائی سالمیت کے لیے سعودی عرب کی مکمل حمایت کا اعادہ کیا۔
