Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

آئی سی سی نے سری لنکن کرکٹ بورڈ کی رُکنیت معطل کردی

سری لنکن ٹیم نے ورلڈ کپ میں نو میچز کھیلے جن میں سے وہ صرف دو میچ ہی جیت سکی تھی (فائل فوٹو: روئٹرز)
انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے سری لنکن کرکٹ بورڈ کی رُکنیت فوری طور پر معطل کردی ہے۔
جمعے کو آئی سی سی کی جانب سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ سری لنکن کرکٹ بورڈ نے بحیثیت رُکن اپنی ذمہ داریوں کی سنگین خلاف ورزی کی اور بورڈ کے امور میں حکومتی مداخلت کو نہیں روکا۔
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ سری لنکن کرکٹ بورڈ اس بات کو یقینی بنانے میں ناکام رہا ہے کہ بورڈ کے معاملات آزادانہ طور پر بغیر کسی حکومتی مداخلت کے چلائے جائیں۔
آئی سی سی کی جانب سے کرکٹ بورڈ کی معطلی کا عمل ایک ایسے وقت سامنے آیا ہے جب سری لنکا کی کرکٹ ٹیم ورلڈ کپ سے باہر ہونے کے بعد اپنے ملک واپس پہنچی ہے۔
سری لنکن ٹیم نے ورلڈ کپ میں نو میچز کھیلے جس میں سے وہ صرف دو میچ ہی جیت سکی تھی جس کے بعد ٹیم کے لیے چیمپئنز ٹرافی کے دورازے بھی بند ہوگئے ہیں۔
ورلڈ کپ میں سری لنکا کی خراب کارکردگی کے بعد ملک کے وزیرِ کھیل نے کرکٹ بورڈ کے تمام حکام کو برطرف بھی کردیا تھا لیکن بعد میں سری لنکا کے ایک کورٹ نے اس فیصلہ کو ختم کرکے کرکٹ بورڈ بحال کردیا تھا۔
سری لنکن کرکٹ ٹیم کے چیف سلیکٹر پرامودیا وکرماسنگھے کا اس حوالے سے کہنا تھا کہ ورلڈ کپ میں اُن کی ٹیم کی خراب کارکردگی ’باہر سے کی گئی سازش‘ کا نتیجہ ہے۔
این ڈی ٹی وی کے مطابق جمعے کو ایئرپورٹ پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے پرامودیا وکرماسنگھے کا کہنا تھا کہ ’مجھے دو دن دیں اور میں اس بارے میں سب کچھ بتا دوں گا۔ یہ (ورلڈ کپ میں خراب کارکردگی) باہر سے کی گئی ایک سازش کا نتیجہ ہے۔‘
جمعرات کو سری لنکا کی پارلیمنٹ میں بھی کرکٹ ورلڈ کپ کی گونج اُس وقت سنائی دی جب حکومت اور اپوزیشن کے اراکین نے ایک قرارداد پیش کی جس میں سری لنکن کرکٹ بورڈ کی انتظامیہ سے مستعفی ہونے کا مطالبہ کیا گیا تھا۔

شیئر: