سعودی شہری کی 14 شادیاں، ’سلطنت تو آباد نہیں کرنا چاہتے؟‘
ایک سعودی شہری کے 14 شادیاں کرنے کے دعوے پر نوجوانوں کی حیرت بجا ہے جن کے خیال میں اس قدر بڑے خاندان کی کفالت کرنا آسان نہیں ہے۔ صارفین نے اس حوالے سے ایکس (ٹویٹر) پر بہت سے سوالات بھی پوچھے اور اپنی حیرت کا اظہار بھی کیا۔
المرصد ویب سائٹ کے مطابق 14 خواتین سے شادی کرنے کے دعویدار مقامی شہری کی ویڈیو سوشل میڈیا پر بڑے پیمانے پر دیکھی جا رہی ہے۔
شہری کو ویڈیو میں یہ کہتے ہوئے سنا جا سکتا ہے کہ ’میں نے 14 شادیاں کی ہیں مگر اس وقت میرے نکاح میں چار بیویاں ہی ہیں کیوں کہ ایک وقت میں چار سے زیادہ بیویاں رکھنا خلافِ شریعت ہے لہٰذا میں ایسا کرنے کی جرأت نہیں کرسکتا۔‘
مقامی شہری سے جب یہ پوچھا گیا کہ ’آخری شادی کب کی تھی تو انہوں نے بتایا کہ تقریباً ایک سال قبل کی تھی۔‘
14 شادیوں کی اس ویڈیو پر صارفین مختلف تبصرے کر رہے ہیں۔ صارفین کا ایک حلقہ وہ ہے جس نے اس دعوے پر شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ آخر یہ انسان موجودہ دور میں اس قدر بڑے خاندان کی کفالت کر ہی کس طرح سکتا ہے۔
صارفین نے بہت زیادہ شادیوں کی بات سن کر ایک سوال یہ بھی اٹھایا ہے کہ ’جس طرح ایک مرد کا حق ہے کہ وہ شادی کرکے خوشی حاصل کرے یہی حق بیویوں کو حاصل ہونا چاہیے۔ بہت زیادہ شادیاں کرنے والے اس شہری کی بیگمات کیوں کر خوش رہ رہی ہوں گی۔‘
ایک صارف نے کہا کہ ’یہ 14 شادیاں کس دور میں کی گئی ہیں؟‘
دوسرے صارف نے سوال اٹھایا کہ ’ایسے شخص سے لوگ کیوں کر خوش ہو سکتے ہیں۔‘
ایک اور صارف نے 14 شادیاں کرنے والے شخص سے براہ راست سوال کر ڈالا کہ ’جناب کیا آپ اتنی زیادہ شادیاں کرکے کوئی سلطنت تو آباد نہیں کرنا چاہتے؟‘