Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی عرب میں پاکستانیوں کا روزگار بڑھانے کے لیے پرعزم ہیں: معاون خصوصی

پاکستان کے وزیراعظم کے خصوصی معاون برائے اوورسیز پاکستانیز جواد سہراب ملک نے سعودی عرب میں افرادی قوت کے شعبے کے منتظمین سے جدہ میں ملاقات کی۔
جدہ میں پاکستانی قونصل خانے سے سنیچر کو جاری ہونے والے بیان کے مطابق ’معاون خصوصی جواد سہراب ملک نے اس ملاقات کے دوران سعودی مارکیٹ اور معیشت کی ضروریات کے تناظر میں انسانی وسائل کی اہمیت کو اجاگر کیا۔‘
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ بیرون ملک ملازمت سے متعلق فیصلہ سازوں کے درمیان قریبی ہم آہنگی اور تبادلہ خیال سعودی عرب کی مارکیٹ میں پاکستانی افرادی قوت کے مواقع سے فائدہ اٹھانے کو یقینی بنانے کے لیے ضروری ہے۔
اس موقع پر معاون خصوصی نے قونصلیٹ جنرل آف پاکستان جدہ میں پاکستانی کمیونٹی کے نمایاں افراد اور تاجروں کے ساتھ بات چیت بھی کی اور تارکین وطن کو درپیش مسائل بھی زیربحث آئے۔
انہوں نے شرکا کو یقین دلایا کہ حکومت پاکستان سعودی عرب اور دیگر ممالک میں پاکستانی کمیونٹی کی مدد کے لیے پوری طرح پرعزم ہے۔
اس تقریب میں جدہ میں مقیم مختلف شعبوں سے وابستہ پاکستانیوں کے نمائندہ افراد نے شرکت کی۔
بیان کے مطابق ’معاون خصوصی کا یہ دورہ دونوں ممالک کے درمیان پاکستانیوں کے روزگار کے لیے تعاون کو مزید بڑھانے کی کوششوں کا حصہ ہے۔‘

شیئر: