Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

او پی ایف مانیٹرنگ سیل: اوورسیز اپنی شکایت کیسے درج کرائیں؟

شکایات مانیٹرنگ سیل کا ویب پورٹل، واٹس ایپ اور یو اے این نمبر کے ذریعے شکایات موصول کرے گا (فوٹو: اے ایف پی)
اوورسیز پاکستانیز فاونڈیشن نے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی اندرون اور بیرون ملک شکایات کے حل کے لیے 24/7 شکایات مانیٹرنگ سیل قائم کر دیا ہے جو نہ صرف شکایات وصول کرنے کے بعد انھیں متعلقہ اداروں کو ریفر کرے گا بلکہ مانیٹرنگ کا کام بھی کرے گا۔
شکایات مانیٹرنگ سیل کا ویب پورٹل، واٹس ایپ اور یو اے این نمبر کے ذریعے شکایات موصول کرے گا اور شکایات کنندہ کو شکایت کے حل ہونے تک اپڈیٹ رکھنے کے ساتھ ساتھ متعلقہ اداروں میں شکایت کے متعلق سٹیٹس بھی چیک کرنے کا پابند ہو گا۔
جمعے کونگراں وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے اوورسیز پاکستانیز جواد سہراب نے اس شکایات مانیٹرنگ سیل کا افتتاح کیا۔
او پی ایف حکام کے مطابق شکایات مانیٹرنگ سیل کے قیام کا مقصد دنیا بھر میں پھیلے ہوئے اوورسیز پاکستانیوں کے لیے ایسا پلیٹ فارم تشکیل دینا ہے جو ان کے مسائل کے جلد از جلد حل کے لیے مختص ہو۔
شکایات کمپلینٹ سیل کا اہم جزو ہے کہ اس میں ایک مخصوص یونیورسل ایکسس فون نمبر +92 51 111 040 040 جبکہ دو واٹس ایپ نمبرز (+92 301 9872195 & +92 306 0329901) مخصوص کیے گئے ہیں جن پر شہری براہِ راست اپنی شکایات مکمل معلومات کے ساتھ شکایات درج کرا سکتے ہیں۔
اس کے علاوہ ایک ویب پورٹل https://opf.pitb.gov.pk بھی لانچ کیا گیا ہے جس پر اوورسیز پاکستانیز آسانی کے ساتھ لاگ اِن ہو کر اپنی شکایات درج کر سکتے ہیں۔

پورٹل پر لاگ ان ہونے کے بعد جو بھی شکایت ہوگی اس کا اندراج کیا جا سکے گا

صرف یہی نہیں بلکہ اوورسیز اس پورٹل پر اپنی پروفائل بنا کر ایک ہی بار اپنی بنیادی معلومات جن میں نام، ولدیت، پاسپورٹ، ویزہ یا اقامہ اور بیرون ملک اور پاکستان میں اپنا پتہ درج کرسکتے ہیں۔ اس سے ان کو ہر دفعہ شکایت کرتے وقت بنیادی معلومات کا اندراج نہیں کرنا پڑے گا۔
اس پورٹل پر لاگ ان ہونے کے بعد جو بھی شکایت ہوگی اس کا اندراج کیا جا سکے گا۔ شکایت موصول ہونے کے بعد او پی ایف کا شکایت سیل متعلقہ محکمے سے رابطے میں آ جائے گا۔ 
اس حوالے سے معاون خصوصی اوورسیز پاکستانیز جواد سہراب نے بتایا کہ ’جلد ہی او پی ایف اور دیگر اداروں کے سوشل میڈیا اکاونٹس کو بھی شکایات سیل سے لنک کر دیا جائے گا تاکہ اوورسیز پاکستانیز سوشل میڈیا پر بھی اپنی شکایت سے آگاہ کر سکیں اور اس پر بھی شکایت سیل حرکت میں آیا کرے گا۔‘
اُن کا کہنا تھا کہ نگراں حکومت اوورسیز پاکستانیوں کی فلاح و بہبود کے لیے ان کی تجاویز کی روشنی میں ایسے اقدامات کرے گی کہ ان کو پاکستان واپس آنے پر اچھے تجربات ہوں گے۔

شیئر: