Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی و امریکی وزرائے خارجہ میں رابطہ، غزہ کی صورت حال پر گفتگو

دونوں رہنماؤں نے غزہ میں فوجی کشیدگی روکنے کے طریقوں پر بھی گفتگو کی (فوٹو: عرب نیوز)
سعودی عرب کے وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان اور امریکی وزیر خارجہ انتونی بلنکن کے درمیان ٹیلی فونک رابطہ ہوا ہے۔
عرب نیوز نے مملکت کی وزارت خارجہ کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا ہے کہ بدھ کو سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان کو امریکی وزیر خارجہ انتونی بلنکن کی جانب سے کال کی گئی۔
رپورٹ کے مطابق دونوں رہنماؤں نے غزہ اور اردگرد کے علاقوں میں فوجی کشیدگی کو روکنے کے طریقوں پر تبادلہ خیال کیا اور انسانی ہمدردی کی بنیاد پر جنگ بندی اور معاہدے کی پاسداری کے حوالے سے بھی گفتگو کی۔
انہوں نے طبی امداد اور انسانی ریلیف کے لیے کی جانے والی کوششوں کے حوالے سے بھی تبادلہ خیال کیا۔
وزارت خارجہ کا کہنا ہے کہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے غزہ کی آبادی کی جبری نقل مکانی کو مملکت کی جانب سے واضح طور پر مسترد کیے جانے کے موقف پر زور دیا اور اسرائیل کی قابض فوج کی جانب سے انسانی اور بین الاقوامی قوانین کی بار بار خلاف ورزیوں کی راہ روکنے کے لیے عالمی برادری کے سنجیدہ کردار کی اہمیت پر زور دیا۔
انہوں نے بین الاقوامی برادری کی بااصول اور اخلاقی ذمہ داری کی اہمیت کے حوالے سے بھی بات کی اور کہا کہ بین الاقوامی قراردادوں کی پاسداری کی جانی چاہیے جن میں تازہ ترین پچھلے ہفتے اقوام متحدہ کی سکیورٹی کونسل میں پیش ہوئی تھی۔
ان کا کہنا تھا کہ اس سے بین الاقوامی طور پر امن اور سلامتی آئے گی اور انتہاپسندی و تشدد کی راہ رکے گی۔
شہزادہ فیصل بن فرحان کو امریکی وزیر خارجہ کی کال پیرس میں موصول ہوئی کیونکہ ان دنوں وہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے مستقل ارکان ممالک کے دورے پر ہیں اور وہاں پر وہ اس عرب اسلامک وفد کی سربراہی کر رہے ہیں جو غزہ میں جنگ کے حوالے سے بات چیت کر رہا ہے۔

شیئر: