عالمی برادری فلسطینی خواتین کے تحفظ کےلیے کردار ادا کرے: عرب پارلیمنٹ
ہزاروں فلسطینی خواتین جنگی جرائم اور انسانیت سوز جرائم کا شکار ہیں ( فائل: فوٹو کونا)
عرب پارلیمنٹ نے فلسطینی خواتین کے خلاف قابض اسرائیلی حکام کی خلاف ورزیاں بند کرانے کا مطالبہ کیا ہے۔
سعودی خبررساں ادارے ایس پی اے کے مطابق عرب پارلیمنٹ نے خواتین پر تشدد کے انسداد کے عالمی دن پر بیان میں کہا کہ’ ہزاروں فلسطینی خواتین جنگی جرائم، انسانیت سوز جرائم اور اسرائیل کی جانب سے نسلی خاتمے کے جرائم کا شکار ہیں‘۔
عرب پارلیمنٹ نے عالمی برادری سے اپیل کی کہ’ وہ غزہ میں خواتین کی مدد کے لیے آگے آئے۔ قیدی خواتین کو رہائی اور فلسطینی خواتین کو تحفظ فراہم کرنے کے لیے سیاسی، سفارتی اور قانونی سطح پر اپنا کردار ادا کرے‘۔
بیان میں خواتین کے حقوق کی خلاف ورزیوں اور ان کے خلاف کیے جانے والے جرائم پر اسرائیل کے احتساب پر بھی زور دیا گیا۔
عرب پارلیمنٹ نے خواتین پر تشدد کے انسداد کے حوالے سے قانونی اور ادارہ جاتی ماحول فراہم کرنے والے عرب ممالک کےاقدامات کو سراہتے ہوئے کہا کہ ’اس سے خواتین اپنے معاشروں کی ترقی میں کلیدی کردار ادا کرسکیں گی‘۔