Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی عرب کا اقوام متحدہ میں غزہ میں جنگ اور انسانی تباہی کے خاتمے پر زور

سعودی سفیر نے کہا کہ اسرائیلی فوج کو ان کے اقدامات کے لیے جوابدہ ہونا چاہیے (فوٹو: یو این)
سعودی عرب نے ایک بار پھر غزہ میں ’فوجی کارروائیوں کو فوری طور پر ختم کرنے‘ کا مطالبہ دہرایا ہے۔ اقوام متحدہ میں سعودی سفیر نے انسانی تباہی کے خاتمے کے لیے اجتماعی بین الاقوامی کوششوں کے لیے آواز بلند کی ہے۔
عرب نیوز کے مطابق منگل کو اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس سے خطاب میں عبدالعزیز الواصل نے ظلم و بربریت کا سامنا کرنے والے نہتے شہریوں، صحت کے مراکز اور عبادت گاہوں سمیت اہم انفراسٹرکچر کی تباہی، خواتین اور بچوں سمیت  ہزاروں معصوم جانوں نقصان کی منظرکشی کی۔
انہوں نے کہا کہ ان کا ملک غزہ میں شہریوں کے تحفظ اور انہیں امداد فراہم کرنے کی کوششوں میں کوئی کسر نہیں چھوڑ رہا۔ فضائی اور سمندری راستے سے انسانی امداد فراہم کرنے کا عہد اور فنڈ ریزنگ مہم کا آغاز، فلسطینی شہریوں کی تکالیف کو کم کرنے کے لیے مملکت کے عزم کو ظاہر کرتا ہے۔
ریاض نے 11 نومبر کو جنگ پر تبادلہ خیال کے لیے ایک غیر معمولی مشترکہ اسلامی اور عرب سربراہی اجلاس کی میزبانی کی تھی۔ اس اجلاس میں شرکاء نے ایک قرارداد منظور کی تھی جس میں کہا گیا تھا کہ وہ ’غزہ کے خلاف اسرائیلی جارحیت کو واضح طور پر مسترد کرتے ہیں۔‘
شرکا نے  فلسطینیوں کی نقل مکانی، ہسپتالوں پر حملوں اور خطے میں تشدد کی بھی مذمت کی تھی۔ قرارداد میں غزہ میں خوراک، ادویات اور ایندھن کی فوری ضرورت پر زور دیتے ہوئے انسانی امداد کے قافلوں کو علاقے تک رسائی دینے کا مطالبہ کیا گیا تھا۔
شرکا نے اسلامی تعاون تنظیم اور عرب ریاستوں کی لیگ پر زور دیا تھا کہ وہ غزہ میں جارحیت کے خلاف ایک باضابطہ مؤقف اختیار کریں جبکہ بین الاقوامی قوانین کے تحت سنجیدہ سیاسی عمل اپنانے کے لیے دباؤ بڑھانے کا مطالبہ کیا تھا تاکہ جامع اور منصفانہ امن کا حصول ممکن ہو سکے۔

اقوام متحدہ میں سعودی سفیر نے انسانی تباہی کے خاتمے کے لیے اجتماعی بین الاقوامی کوششوں کے لیے آواز بلند کی ہے (فوٹو: روئٹرز)

عبدالعزیز الواصل نے انسانی ہمدردی کی بنیاد پر جنگ میں وقفے کا خیرمقدم کیا اور تمام یرغمالیوں اور قیدیوں کو رہا کرنے کی اہمیت پر بھی زور دیا۔ انہوں نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی تمام متعلقہ قراردادوں اور جنرل اسمبلی کے مینڈیٹ کو بغیر شرائط لاگو کرنے کی ضرورت کا اعادہ کیا۔
سعودی سفیر نے کہا کہ اسرائیلی قابض فوج کو ان کے اقدامات کے لیے جوابدہ ہونا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ ہم عالمی برادری سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ اسرائیلی قابض افواج کو ان غیر انسانی جرائم کے لیے جوابدہ ٹھہرائے جو بین الاقوامی انسانی قوانین کی صریح خلاف ورزی کے مترادف ہیں۔‘
ان کا کہنا تھا کہ ’ہم دوہرے معیار، امتیاز اور اقوام متحدہ کے قوانین اور قراردادوں کی خلاف ورزی سے خبردار کرتے ہیں۔ اس کے سنگین نتائج ہوں گے جن سے عالمی نظام کی قانونی حیثیت کو نقصان پہنچ سکتا ہے۔‘

شیئر: