Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

شہزادہ فیصل بن فرحان کی یورپی وزرائے خارجہ سے ملاقاتیں، غزہ میں مستقل جنگ بندی پر تبادلہ خیال

غزہ کے باشندوں کی جبری منتقلی کو پھر پوری قوت سے مسترد کیا ہے (فوٹو: ایس پی اے)
سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے پیر کو بارسلونا میں فرانس، اٹلی، جرمن، سپین، لٹویا اور قبرص کے وزرائے  خارجہ سے الگ الگ  ملاقاتیں کی ہیں۔
شہزادہ فیصل بن فرحان مشرق وسطی یورپی یونین کانفرنس میں شرکت کے لیے بارسلونا میں ہیں۔  
سعودی خبررساں ادارے ایس پی اے کے مطابق شہزادہ فیصل بن فرحان اور فرانسیسی وزیر خارجہ سے ملاقات میں غزہ پٹی اور گردو نواح کی تازہ صورتحال اور مستقل جنگ بندی کے لیے کوششوں پر تبادلہ خیال کیا تاکہ شہریوں کی سلامتی کو یقینی بنایا جاسکے۔ 
 پائیدار جنگ بندی کی اہمیت کے علاوہ باہمی دلچسپی کے متعدد موضوعات، مشرق وسطی اور دنیا بھر میں امن و استحکام کا موضوع خاص طور پر بات چیت کا محور رہا۔ 
سعودی وزیر خارجہ نے بین الاقوامی انسانی قانون کے ضوابط پر عمل درآمد کی پابندی کے لیے کی جانے والی  بین الاقوامی کوششوں میں تیزی لانے پر زور دیا۔
ان کا کہنا تھا کہ’ متعلقہ بین الاقوامی قراردادوں کے مطابق خود مختار فلسطینی ریاست کے قیام کو یقینی بنانے والے امن عمل کی بحالی ضروری ہے‘۔ 
 سعودی وزیر خارجہ کی اطالوی ہم منصب سے ملاقات میں غزہ پٹی کی صورتحال جنگ بندی کی پابندی اور پائیدار مکمل جنگ بندی کے علاوہ شہریوں کے تحفظ کے ضامن اقدامات اور غزہ میں امن و استحکام کی بحالی  پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ 
سعودی وزیر خارجہ نے سعودی عرب کی طرف سے غزہ کے باشندوں کی جبری منتقلی کو پھر پوری قوت سے مسترد کیا۔

سعودی وزیر خارجہ کا کہنا تھا خود مختار فلسطینی ریاست کے قیام کو یقینی بنانے والے امن عمل کی بحالی ضروری ہے۔ (فوٹو: ایس پی اے)

انہوں نے کہا’ بین الاقوامی برادری کو قابض اسرائیلی افواج کی کارروائیوں اور بین الاقوامی و انسانی قانون کی  خلاف ورزیوں سے روکنے کے لیے ٹھوس اور موثر اقدام کرنے ہوں گے‘۔ 
 سعودی وزیر خارجہ نے  جرمن ہم منصب سے ملاقات میں پائیدار جنگ بندی کے لیے بین الاقوامی کوششوں اور شہریوں کی سلامتی کو یقینی بنانے والے اقدامات پر بات چیت کی۔
غزہ میں طبی اور انسانیت نواز امدادی سامان پہنچانے کے لیے محفوظ راہداریوں کے حوالے سے بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
شہزادہ فیصل بن فرحان نے اس موقع پر کہا بین الاقوامی برادری کو فوری جنگ بندی، مسئلہ فلسطین کے  جامع اور مبنی برانصاف حل تک رسائی اور اس سلسلے میں اقوام متحدہ  اور اس کی سلامتی کونسل کی پابندی ضروری ہے‘۔
انہوں نے کہا کہ غزہ کے باشندوں کے لیے امدادی سامان اور طبی لوازمات پہنچانے کے لیے فوری اقدامات کرنا ہوں گے‘۔ 
سعودی وزیر خارجہ  نے اپنے سپین کے ہم منصب سے ملاقات میں غزہ پٹی اور اس سے متعلق مسائل خصوصا جنگ بندی اور امدادی سامان کی فراہمی کو یقینی بننے والے اقدامات پر تبادلہ خیال کیا۔ 

ملاقاتوں کے دوران سپین میں سعودی سفیر عزام القین بھی موجود تھے۔(فوٹو: ایس پی اے)

انہوں نے کہا کہ‘ شہریوں کے تحفظ، بین الاقوامی قانون پر عمل درآمد کو یقینی بنانے اور خودمختار فلسطینی ریاست کے قیام کے ضامن امن عمل کی بحالی کے لیے بین الاقوامی برادری کو اپنی کوششیں تیز کرنا  ہوں گی‘۔ 
سعودی وزیر خارجہ نے لٹویا کے وزیر خارجہ سے غزہ پٹی کی تازہ صورتحال، جنگ بندی کی پابندی اور شہریوں کے تحفظ کے ضامن اقدامات پر تبادلہ خیال کیا۔
انہوں نے انسانی بحران کو دھماکہ خیز ہونے سے روکنے  کے لیے ادویہ، طبی لوازمات اور بنیادی انسانی ضروریات کا سامان غزہ پہنچانے کے لیے بین الاقوامی کوششیں تیز کرنے کے موضوع پر تبادلہ خیال کیا۔ 
انہوں نے کہا ’عالمی برادری کو بین الاقوامی فیصلوں کی پابندی کرانے کے لیے اپنا اخلاقی اور اصولی کردار ادا کرنا ہوگا‘۔ 
شہزادہ فیصل بن فرحان نے بارسلونا میں قبرص کے وزیر خارجہ سے بھی ملاقات کی۔ 
ملاقاتوں کے دوران سپین میں متعین سعودی سفیر عزام القین بھی موجود تھے۔

شیئر: