Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پشاور میں اٹلی سے تعلق رکھنے والے سیاح کی مبینہ خودکُشی

پولیس کے مطابق غیرملکی سیاح کو 9 اکتوبر کو سیاحتی ویزا جاری ہوا تھا (فوٹو: کے پی پولیس)
خیبرپختونخوا کے دارالحکومت پشاور کے علاقے ناصر باغ میں اٹلی سے تعلق رکھنے والے غیرملکی سیاح نے مبینہ طور پر خودکشی کر لی ہے۔
پیر کو خیبرپختونخوا پولیس کی جانب سے جاری کیے گئے بیان کے مطابق نجی فلیٹس میں اٹلی کے سیاح کی خودکشی کی اطلاع ملی۔
ایس پی ورسک ڈویژن ارشد خان نے اردو نیوز کو بتایا کہ اٹلی کے سیاح کی موت بظاہر خودکشی لگ رہی ہے کیونکہ جسم پر کوئی تشدد کا نشان موجود نہیں، تاہم پوسٹ مارٹم رپورٹ آنے کے بعد تفتیش آگے بڑھے گی۔ انہوں نے کہا کہ غیر ملکی سیاح کے کمرے سے ایک خط بھی ملا ہے جس کو فارنزک کے لیے بھجھوا دیا ہے۔
ایس پی ارشد خان کے مطابق اٹلی کا سیاح سیر و تریح کے لیے پشاور آیا تھا مگر ایک ماہ قبل ناصر باغ کے فلیٹس میں کمرہ کرایہ پر لیا ہوا تھا جہاں وہ اکیلے رہ رہا تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ سی سی ٹی وی کیمرہ سمیت جائے وقوعہ سے تمام شواہد اکٹھے کرلیے ہیں۔
پولیس کا کہنا ہے کہ غیر ملکی سیاح کی لاش کو تحویل میں لےکر تفتیش شروع کردی گئی ہے، اور خودکشی سے متعلق وزات خارجہ کو آگاہ کر دیا گیا ہے۔
مزید کہا گیا کہ غیرملکی شہری کی شناخت جوشوا موائسز ورگاس کے نام سے ہوئی۔
پولیس کے مطابق غیر ملکی سیاح کو 9 اکتوبر کو سیاحتی ویزا جاری ہوا تھا۔

شیئر: