Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سمندر پار پاکستانیوں کے لیے ڈیجیٹل مختار نامہ جاری کرنے کی سہولت کا آغاز

سمندر پار پاکستانیوں نے ڈیجیٹل مختار نامہ جاری کرنے کی سہولت فراہم کیے جانے کو خوش آئند قرار دیا۔ فوٹو: پکسابے
سمندر پار مقیم پاکستانیوں کے لیے وطنِ عزیز میں جائیداد خریدنے، فروخت کرنے یا دیگر امور کی انجام دہی کے لیے قانونی دستاویزات کا حصول کبھی آسان نہیں رہا۔ ایک طویل اور پیچیدہ عمل کے ذریعے ہی قانونی دستاویزات بن پاتی ہیں جس کے باعث بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو غیرمعمولی مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔
’ڈیجیٹل پاکستان‘ بنانے کا دعویٰ گزشتہ چند حکومتوں کے دوران بارہا کیا گیا ہے لیکن اب اس باب میں واضح پیش رفت دیکھی جا رہی ہے جس کے باعث بیرونِ ملک مقیم پاکستانیوں کے لیے آسانیاں پیدا ہوئی ہیں۔
نیشنل ڈیٹابیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) اس حوالے سے سرگرم ہے جس نے حال ہی میں اوورسیز پاکستانیز کے لیے مختار نامے یا پاور آف اٹارنی (پی او اے) کا آن لائن حصول ممکن بنا دیا ہے جو اس لیے بھی اہم ہے کہ یہ بیرونِ ملک مقیم پاکستانیوں کے لیے اہم ترین قانونی دستاویز ہے کیوں کہ بیرونِ ملک رہتے ہوئے وہ اپنے بہت سے امور مختار نامے کی بنیاد پر ہی انجام دیتے ہیں۔
ماضی میں اوورسیز پاکستانیوں کو مختار نامہ جاری کرنے کے لیے پاکستانی سفارت خانے جانا پڑتا تھا تاہم وہ اب نادرا کی ویب سائٹ پر جا کر مختار نامے کے اجرا کے لیے درخواست دے سکتے ہیں۔

آن لائن درخواست دینے کے لیے وضع کردہ طریقے کے مطابق، درخواست گزار کو پی او اے پورٹل پر جاکر سب سے پہلے تو اپنا اکائونٹ بنانا ہے جس کے بعد آن لائن کوائف درج کیے جائیں گے اور اس کے بعد فنگر پرنٹس فارم پر بائیو میٹرک ہو گی جس کے بعد آن لائن فیس کی ادائیگی اور کونسلر آفیسر کو وڈیو انٹرویو دینا ہو گا اور ان سب مراحل سے گزرنے کے بعد ڈیجیٹل مختار نامہ جاری کرنے سے قبل ای میل پر حتمی رضا مندی ظاہر کرنا ہو گی اور تب ڈیجیٹیل پاور آف اٹارنی جاری کر دیا جائے گا۔
سمندر پار پاکستانیوں نے ڈیجیٹل مختار نامہ جاری کرنے کی سہولت فراہم کیے جانے پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کی ایک بڑی مشکل آسان ہو گئی ہے اور وہ اب آن لائن ہی پاور آف اٹارنی جاری کر سکتے ہیں جس پر وقت بھی کم لگے گا اور وہ اس حوالے سے  ذہنی کوفت سے بھی محفوظ رہیں گے۔

شیئر: