Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

جے یو آئی شیرانی گروپ اور پی ٹی آئی میں انتخابی اتحاد کی کوششیں ناکام

مولانا شجاع الملک نے بتایا کہ انتخابی اتحاد یا سیٹ ایڈجسٹمنٹ کے سلسلے میں ہونے والی کوششیں کامیاب نہیں ہوسکیں (فوٹو: ایکس)
پاکستان تحریک انصاف اور رابطہ جمعیت علماء اسلام کے درمیان انتخابی اتحاد نہ ہو سکا- دونوں جماعتوں کے درمیان جاری غیررسمی بات چیت میں کوئی پیشرفت نہ ہوسکی۔
مولانا محمد خان شیرانی کے ایک قریبی ذریعے نے اردو نیوز کو بتایا کہ دونوں سیاسی جماعتوں کے درمیان سیٹ ایڈجسٹمنٹ اور پی ٹی آئی امیدواروں کے رابطہ جے یو آئی کے انتخابی نشان انگوٹھی پر انتخاب لڑنے کے لیے بات چیت ہوئی تھی لیکن اس میں کوئی پیشرفت نہ ہوسکی۔
مولانا شیرانی کی جماعت رابطہ جمعیت علماء اسلام کے ترجمان مولانا شجاع الملک نے بھی اپنے ایک بیان میں وضاحت کی ہے کہ پی ٹی آئی سے سیاسی اتحاد اب بھی برقرار ہے جب کہ دونوں جماعتوں کے درمیان انتخابی اتحاد کبھی ہوا ہی نہیں تھا -
انہوں نے بتایا کہ دو سال قبل مولانا محمد خان شیرانی اور عمران خان کے درمیان سیاسی اتحاد ہوا تھا اوراس سلسلے میں ایک مفاہمتی یادداشت پر دستخط بھی ہوئے تھے- اس معاہدے کے تحت ہم ایک دوسرے کے بیانیے کی حمایت کررہے ہیں۔
مولانا شجاع الملک کے مطابق یہ معاہدہ اور سیاسی اتحاد اب بھی برقرار ہے اور اسے صرف مولانا شیرنی یا عمران خان ہی ختم کرسکتے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ انتخابی اتحاد یا سیٹ ایڈجسٹمنٹ کے سلسلے میں ہونے والی کوششیں کامیاب نہیں ہوسکیں تاہم انہوں نے اس کی وجوہات نہیں بتائیں۔

شیئر: