Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

خاک طیبہ ٹرسٹ جدہ کے زیر اہتمام دعو ت افطار اور وعظ

جدہ ( امین انصاری ) خاک طیبہ ٹرسٹ جدہ کی جانب سے دعوت افطار و دعائیہ تقریب کا اہتمام مقامی ہوٹل میں کیا گیا ۔ مولانا مفتی سید ضیا ء الدین نقشبندی قادری اور مولانا سید شاہ خلیل اللہ اویس بخاری نے رقت انگیز دعائیں کی۔دعائیہ تقریب میں تلنگانہ و آندھراپردیش کی تنظیموں کے سربراہوں اور اراکین کے علاوہ ہندوستان کی دیگر ریاستوں کے باشندوں نے بھی بڑی تعداد میں شرکت کی ۔ سید خواجہ وقار الدین جنرل سیکریٹری خاک طیبہ ٹرسٹ نے شرکاء کا خیر مقدم کیا اور بتایا کہ خاک طیبہ ٹرسٹ ہر سال افطار پارٹی کا اہتمام کرتی ہے اور عوام کو علماء کے خطاب سے مستفیض کرنے کی کوشش کرتی ہے ۔ شمیم کوثر ٹرسٹی خاک طیبہ ٹرسٹ نے کہا کہ ٹرسٹ کے تحت چلنے والے اسکول میں 850طلباء و طالبات زیور علم سے آراستہ ہورہے ہیں ان کے اخراجات اہل خیر کے تعاون سے پورے کئے جاتے ہیں ۔ مولانا ضیاء الدین نقشبندی نے کہا کہ ہر مسلمان اگر روزے کے تقاضوں کو پورے کرلے تو وہ اللہ کا مقرب بندہ بن سکتا ہے۔مولانا شاہ خلیل اللہ اویسی نے کہا کہ یہ قرآن کے نزول کا مہینہ ہے ۔ مولانا نے کہا کہ افطار سے پہلے کا وقت دعاؤں کی قبولیت کا وقت ہے ہم اپنی دعاؤں میں امت محمدیہ صلی اللہ علیہ وسلم کو ضرور یاد رکھیں ۔آج امت عالمی بحران کا شکار ہے اس کی وجہ قرآن سے دوری ہے ہمیں قرآن و حدیث کو سینے سے لگانا ہوگا۔ مولانا نے خاک طیبہ ٹرسٹ اور اس کے تحت چلنے والے اداروں اور اس کار خیر کو انجام دینے والے اراکین کی ترقی اور اللہ کی خوشنودی کے حصول کیلئے دعا کی۔ صدر خاک طیبہ ٹرسٹ میر عارف علی نے تمام احباب کا شرکت پر شکریہ ادا کیا افطار کے انتظامات میں تمام اراکین خاک طیبہ ٹرسٹ نے بڑھ چڑھ کر حصہ لیا ۔

شیئر: