ریاض میں خلائی ملبے سے متعلق بین الاقوامی کانفرنس کا انعقاد
کانفرنس میں 50 ممالک کے 260 سے زائد ماہرین شرکت کررہے ہیں(فوٹو، ایکس اکاونٹ)
سعودی دار الحکومت ریاض میں فضائی ملبے سے متعلق پہلی بین الاقوامی کانفرنس کا آغاز آج بروز اتوار کو کیا جارہا ہے۔
عاجل نیوز کے مطابق ’عالمی فضائی معیشت ، مستقبل کے تحفظ کی جانب‘ کے عنوان سے ہونے والی کانفرنس میں امریکی فضائی ایجنسی (ناسا) اور یورپی فضائی ایجنسی کے ماہرین کے علاوہ 50 سے زائد ممالک کے 260 ماہرین شرکت کریں گے۔
سعودی فضائی ایجنسی کی زیرپرستی ہونے والی کانفرنس کا مقصد خلائی ملبے کے چیلنجز سے نمٹنے کے لیے بین الاقوامی کاوشوں کو مضبوط کرنے کے لیے مشترکہ عالمی پلیٹ فارم کا قیام ہے۔
کانفرنس سعودی عرب کے خلائی ملبے کے خطرات کو کم کرنے لیے علاقائی اور عالمی اداروں کے درمیان رابطے اور تجربات کے تبادلہ کے علاوہ نجی وسرکاری شعبوں اور تعلیمی اداروں کے درمیان تعاون میں اہم کردار کی نشاندہی کرتی ہے۔
کانفرنس میں خلائی ٹیکنالوجی کے شعبے سے منسلک کمپنیز کے لیے خلائی ملبے کے خطرات سے متعلق آگاہی نمائش کا بھی اہتمام کیا گیا ہے۔
کانفرنس کے افتتاح میں سعودی خلائی ایجنسی کے ڈائیریکٹر انجینئر عبداللہ بن عمر السواحہ، سی ای او ڈاکٹر محمد بن سعود التمیمی کے علاوہ عالمی ابلاغی یونین کی سیکریٹری جنرل ڈورین مارٹن اور اقوام متحدہ اقوام متحدہ کے دفتر برائے بیرونی خلائی امور کی سربراہ آرٹی ماینی بھی شرکت کریں گی۔