Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ریاض: جاپان کے شہنشاہ کی 64 ویں سالگرہ کی تقریب

جاپان نے ای ویزا سہولت سے سعودیوں کے لیے جاپان کا وزٹ آسان بنا دیا ہے (فوٹو: عرب نیوز)
جاپان کے شہنشاہ نارو ہیٹو کی 64 ویں سالگرہ منگل کو سعودی دارالحکومت ریاض میں جاپان کے سفارتی نمائندوں نے منائی۔
عرب نیوز کے مطابق اس موقع پر مملکت میں جاپانی سفیر فومیو لوائی نے اپنی رہائش گاہ پر شاندار استقبالیے کا اہتمام کیا۔
اس تقریب میں ریاض ریجن کے ڈپٹی گورنر شہزادہ محمد بن عبدالرحمان کے علاوہ سعودی عرب میں سفارتی مشنز کے نمائندوں نے بھی شرکت کی۔
جاپانی سفیر فومیو نے اپنے خطاب کے دوران  گذشتہ برسوں میں جاپان اور سعودی عرب کے تعلقات کی ترقی پر روشنی ڈالی۔
گذشتہ برس جولائی میں جاپانی وزیراعظم فومیو کشیدا کے دورہ سعودی عرب کے بعد دونوں ممالک کے حکام کے درمیان متواتر اعلٰی سطح کے رابطے ہوئے ہیں۔
اس کے علاوہ 2023 میں سعودی عرب کے محکمہ دفاع، صنعت و معدنی وسائل، مواصلات و انفارمیشن ٹیکنالوجی کے وزرا کی ٹوکیو میں میزبانی کا جاپان کو اعزاز حاصل ہے۔

آئندہ برس جاپان سعودی سفارتی تعلقات کی 70 ویں سالگرہ منائی جائے گی (فوٹو: عرب نیوز)

جاپانی سفیر فومیو لوائی نے مزید بتایا کہ 2023 میں جاپان کے نجی شعبے کے کاروباری اداروں نے سعودی عرب کی کمپنیوں کے ساتھ مختلف صنعتی منصوبوں کے لیے 40 معاہدوں پر دستخط کیے۔
اس عرصے میں سات جاپانی کمپنیوں نے مملکت میں اپنے دفاتر کھولے ہیں۔

جاپان کی سات کمپنیوں نے مملکت میں اپنے دفاتر کھولے ہیں (فوٹو: عرب نیوز)

جاپان نے الیکٹرانک اینڈ ملٹی انٹری ویزا متعارف کراتے ہوئے سعودی شہریوں کے لیے جاپان کا دورہ آسان بنا دیا ہے۔
سنہ 2023 میں سعودی شہریوں کو جاری کیے گئے ویزوں کی تعداد 2022 کے مقابلے میں چار گنا زیادہ تھی۔
انہوں نے بتایا کہ آئندہ برس جاپان اور سعودی عرب کے درمیان سفارتی تعلقات کے قیام کی 70 ویں سالگرہ منائی جائے گی۔
 

شیئر: