Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

اسلام آباد یونائیٹڈ کو شکست، کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے تین وکٹوں سے میدان مار لیا

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز پی ایس ایل 9 کے پوائنٹس ٹیبل پر دوسرے نمبر پر ہے(فائل فوٹو: پی ایس ایل، ایکس)
پاکستان سپر لیگ کے آٹھویں میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو تین وکٹوں سے شکست دے دی۔ 
جمعرات کو قذافی سٹیڈیم لاہور میں کھیلے گئے میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے 139 رنز کا ہدف 18 ویں اوور کی دوسری گیند پر حاصل کیا جبکہ اس کی تین وکٹیں باقی تھیں۔
واضح رہے کہ ایونٹ میں کوئٹہ  گلیڈی ایٹرز کی یہ مسلسل تیسری فتح ہے۔ پی ایس ایل پوائنٹس ٹیبل پر کوئٹہ  گلیڈی ایٹرز چھ  پوائنٹس کے ساتھ دوسرا نمبر برقرار رکھنے میں بھی کامیاب رہی ہے۔ 
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے 139 رنز کے ہدف کے تعاقب کا آغاز کیا تو اوپنر سعود شکیل دوسرے ہی اوور میں نسیم شاہ کی گیند پر صرف دو رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے۔
گلیڈی ایٹرز کو دوسرا نقصان 49 کے مجموعی سکور پر اٹھانا پڑا جب رومان رئیس نے خواجہ نافع کو نو رنز پر بولڈ کر دیا۔
جیسن روئے نے 37 رنز کی عمدہ اننگز کھیل کرحنین شاہ کی گیند پر وکٹ گنوائی۔  وکٹ کیپر سرفراز احمد نے صرف ایک سکور بنایا اور شاداب خان کی گیند پر ایل بی ڈبلیو آؤٹ ہوئے۔
ریلی روسو کے 34 اورشرفین ردرفورڈ کے 29 رنز نے ٹیم کی فتح میں اہم کرادار ادا کیا۔
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے ٹاس جیت کر اسلام آباد یونائیٹڈ کو پہلے کھیلنے کی دعوت دی تو اوپنر ایلکس ہیلز 21 سکور بنا کر عقیل حسین کی گیند پر ریلی روسو کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔ 
اسلام آباد یونائیٹڈ کو دوسرا نقصان اس وقت اٹھانا پڑا جب کولن منرو کو 20 رنز پر ابرار احمد نے آؤٹ کر دیا، ان کا کیچ شرفین ردرفورڈ نے لیا۔

  اسلام آباد یونائیٹڈ اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز پی ایس ایل کی تاریخ میں 18 دفعہ آمنے سامنے آ چکی ہیں (فائل فوٹو: اے ایف پی)

ایک بار پھر ٹیم کپتان شاداب خان اور اعظم خان بہتر کارگردگی دکھانے میں ناکام رہے۔ شاداب دو اور اعظم خان صرف ایک رنز بنا سکے۔
تاہم آغا سلمان نے پانچ چوکوں کی مدد سے انفرادی رنز 33  کی اننگز کھیلی اور ابراراحمد کی گیند پر خواجہ نافع کو کیچ دے بیٹھے۔
جارڈن کاکس اور فہیم اشرف کی 39 سکور کی پارٹنر شپ نے ٹیم کے مجموعی سکور 138 بنانے میں اہم کرادارادا کیا۔
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی جانب سے ابرار احمد اور محمد وسیم نے تین، تین، عقیل حسین نے دو اور محمد حسنین نے ایک وکٹ حاصل کی۔ 
اسلام آباد یونائیٹڈ کے نسیم شاہ اورشاداب خان دو،دو جبکہ رومان رئیس اور حنین شاہ ایک ایک وکٹ حاصل کرنے میں کامیاب رہے۔

شیئر: