Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پی ایس ایل 9: کیرون پولارڈ کی دھواں دھار اننگز، کراچی کنگز کی پشاور زلمی کو شکست

پشاور زلمی کی طرف سے پہلی دو وکٹیں لیوک وُڈ نے حاصل کیں (فوٹو: اے ایف پی)
پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے نویں ایڈیشن کے چھٹے میچ میں کراچی کنگز نے پشاور زلمی کو 7 وکٹوں سے شکست دے دی۔
بدھ کو لاہور کے قذافی سٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں کراچی کنگز نے پشاور زلمی کی جانب سے دیے گئے 155 رنز کے ہدف کو 16.5 اوورز میں تین وکٹوں کے نقصان کے پورا کر لیا۔
کراچی کنگز کی جانب سے کیرون پولارڈ نے دھواں دھار بیٹنگ کرتے ہوئے 49 رنز بنائے جبکہ جیمز ونس نے 38 اور شعیب ملک نے 29 رنز بنائے۔
پشاور زلمی کی طرف سے لیوک وُڈ نے دو جبکہ وقار سلام خیل نے ایک وکٹ حاصل کی۔
کراچی کنگز کی اننگز
کراچی کنگز کی جانب سے ہدف کے تعاقب کا مثبت آغاز کیا گیا لیکن اوپنرز کی جوڑی اس آغاز کو لمبا کرنے میں ناکام رہی۔
کراچی کنگز کی پہلی وکٹ 20 کے مجموعی سکور پر گری جب کپتان شان مسعود 12 رنز بنا کر لیوک وُڈ کی گیند پر روومین پاول کے ہاتھ میں کیچ دے بیٹھے۔
پہلی وکٹ کے گرنے کے باوجود محمد اخلاق نے پراعتماد بیٹنگ جاری رکھی اور زلمی کے بولروں کے خلاف رنز بناتے رہے۔
 

کراچی کنگز کی پہلی وکٹ 20 کے مجموعی سکور پر کپتان شان مسعود کی گری (فوٹو: اے ایف پی)

کراچی کنگز کو دوسرا جھٹکا محمد اخلاق کی وکٹ کی صورت میں لگا جب لیوک وُڈ کی گیند پر محمد اخلاق 24 رنز بنا کر ڈگ آؤٹ واپس روانہ ہوگئے۔
دو بیٹرز کے آؤٹ ہونے کے بعد کراچی کنگز کا مورچہ شعیب ملک اور جیمز ونس نے سنبھالا۔
دونوں بیٹرز نے تیسری وکٹ کے لیے 46 گیندوں پر 56 رنز کی محتاط اور قیمتی شراکت قائم کی۔
اس دوران میچ پشاور زلمی کے ہاتھ سے پھسلتا ہوا لگنے لگا تاہم وقار سلام خیل نے 13 ویں اوور کی پہلی گیند پر شعیب ملک کو چکما دیتے ہوئے سٹمپ آؤٹ کر دیا۔
 

کیرون پولارڈ نے اپنی دھواں دھار اننگز میں 4 چھکے اور 3 چوکے لگائے (فوٹو: کراچی کنگز)

اس سے قبل کراچی کنگز نے ٹاس جیت کر پہلے بولنگ کا فیصلہ کیا جس کے بعد پشاور زلمی کی پوری ٹیم 19.5 اوورز میں 154 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔
 
پشاور زلمی کی جانب سے کپتان بابر اعظم نے 72، روومین پاول نے 39 اور آصف علی نے 23 رنز بنائے۔
کراچی کنگز کی طرف سے میر حمزہ اور حسن علی نے تین تین جبکہ ڈینئیل سیمز نے دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
پشاور زلمی کی اننگز
پشاور زلمی کو پہلا نقصان اننگز کی پہلی گیند پر ہی ہوگیا جب صائم ایوب بغیر کوئی رن بنائے شعیب ملک کی گیند پر بولڈ ہوگئے۔
پشاور زلمی کو پہلا نقصان اننگز کی پہلی گیند پر ہی ہوگیا جب صائم ایوب بغیر کوئی رن بنائے شعیب ملک کی گیند پر بولڈ ہوگئے۔
کراچی کنگز کو دوسری وکٹ محمد حارث کی ملی جو 6 رن بنا کر میر حمزہ کی گیند پر آؤٹ ہوگئے۔
کراچی کنگز کی بولنگ کے آگے ٹام کوہلر کیڈ مور بھی نہ چل پائے اور صرف 2 رن بنا کر حسن علی کی گیند پر پویلین واپس لوٹ گئے۔
 

اس میچ میں پشاور زلمی کے کپتان بابر اعظم نے رواں سیزن کی لگاتار دوسری ففٹی بنائی (فوٹو: پاکستان کرکٹ بورڈ)

ابتدائی تین وکٹیں جلد گرنے کے بعد کراچی کنگز پشاور زلمی پر مکمل طور پر حاوی ہوتی نظر آئی تاہم اس کے بعد کپتان بابر اعظم اور روومین پاول کے درمیان شراکت کا آغاز ہوا۔
بابر اعظم اور روومین پاول نے چوتھی وکٹ کے لیے 46 گیندوں پر 68 رنز کی اہم ترین شراکت قائم کی۔
اس شراکت کے دوران بابر اعظم نے رواں سیزن کی لگاتار دوسری ففٹی بھی بنائی۔
بابر اعظم کے ففٹی بنانے کے بعد دونوں بیٹر کریز پر مضبوط دکھائی دیے تاہم 13 ویں اوور کی آخری گیند پر محمد نواز نے روومین پاول کو 39 کے انفرادی سکور پر آؤٹ کر کے اس پارٹنرشپ کو توڑ دیا۔
 

کراچی کنگز کے لیے دوسری وکٹ میر حمزہ نے حاصل کی (فوٹو: پاکستان کرکٹ بورڈ)

روومین پاول کے آؤٹ ہونے کے بعد بابر اعظم کا ساتھ دینے آصف علی کریز پر آئے۔
کراچی کنگز کو پانچویں وکٹ آصف علی کی ملی جو 23 رنز کی اننگز کھیلنے کے بعد ڈینئیل سیمز کی گیند پر آؤٹ ہوگئے۔
پشاور زلمی کو چھٹا نقصان بھی جلد ہی اٹھانا پڑ گیا جب عامر جمال صرف ایک رن بنا کر میر حمزہ کی گیند پر بازی ہار گئے۔
کراچی کنگز کی بولنگ کے سامنے پشاور زلمی کے ٹیل اینڈرز مکمل طور پر ناکام رہے اور زلمی کی آخری تین وکٹیں صرف 7 رنز کے اضافے کے بعد گر گئیں۔
قذافی سٹیڈیم میں کھیلا گیا یہ میچ دونوں ٹیموں کا ایونٹ میں دوسرا میچ تھا۔
 
اس سے قبل پشاور زلمی کو اپنے پہلے میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے ہاتھوں شکست ہوئی تھی۔
اسی طرح کراچی کنگز اپنے پہلے میچ میں ملتان سلطانز سے ہار گئے تھے۔
اس سے قبل کراچی کنگز اور پشاور زلمی کے درمیان اب تک مجموعی طور پر پی ایس ایل میں 19 میچز کھیلے جا چکے تھے۔
ان 19 میچوں میں 14 مرتبہ پشاور زلمی کو جیت حاصل ہوئی جبکہ 5 مرتبہ کامیابی کراچی کنگز کا مقدر بنی۔
پشاور زلمی کی پلئینگ الیون
اس میچ کے لیے پشاور زلمی کی ٹیم میں صائم ایوب، بابر اعظم (کپتان)، محمد حارث (وکٹ کیپر)، ٹام کوہلر کیڈ مور، روومین پاول، آصف علی، عامر جمال، لیوک وُڈ، محمد ذیشان، وقار سلام خیل اور سلمان ارشاد شامل تھے۔ 
کراچی کنگز کی پلئینگ الیون
اس میچ کے لیے کراچی کنگز کی ٹیم میں شان مسعود (کپتان)، محمد اخلاق (وکٹ کیپر)، جیمز وِنس، شعیب ملک، کیرون پولارڈ، محمد نواز، محمد عرفان خان، ڈینیئل سیمز، حسن علی، تبریز شمسی اور میر حمزہ شامل تھے۔

شیئر: