Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

عازمین حج کے لیے کراچی سے روٹ ٹو مکہ، سعودی وفد کی آمد

ملاقات میں جوائنٹ سیکریٹری حج سجاد حیدر یلدرم اور ڈائریکٹر حج گلزار سومرو بھی موجود تھے۔
پاکستان میں ’روٹ ٹو مکہ‘ منصوبے کی توسیع کے لیے سعودی عرب کا ایک اعلٰی سطح کا وفد کراچی کے جناح انٹرنینشل ایئرپورٹ پہنچا ہے۔
سول ایوی ایشن کے مطابق عازمین حج کی سہولت کے لیے سعودی عرب کا اعلیٰ سطح 12 رکنی وفد پانچ مارچ کی صبح پہنچا تھا۔
سول ایوی ایشن نے ایک بیان میں کہا ہے کہ یہ وفد کراچی سے مکہ تک روٹ کی توسیع کے لیے آیا ہے۔
اس سلسلے میں سیکریٹری وزارت مذہبی امور ڈاکٹر عطا الرحمان نے اپنی ٹیم کے ہمراہ کراچی ایئرپورٹ پر سول ایوی ایشن کے دفتر میں کسٹم، امیگریشن، اے این ایف اور دیگر متعلقہ اداروں سے ملاقات کی۔
ملاقات میں جوائنٹ سیکریٹری حج سجاد حیدر یلدرم اور ڈائریکٹر حج گلزار سومرو بھی موجود تھے۔
واضح رہے روٹ ٹو مکہ منصوبہ چار برس قبل شروع کیا گیا تھا جس کا تجرباتی آغاز انڈونیشیا سے کیا گیا بعد ازاں دوسرے برس ملائیشیا کے عازمین کو یہ سہولت فراہم کی گئی۔
 تیسرے برس تجرباتی طور پر پاکستان سے محدود تعداد میں عازمین کو یہ سہولت فراہم کی گئی تھی۔
گذشتہ برس ستمبر میں پاکستان کے نگراں وزیر مذہبی امور انیق احمد کا کہنا تھا کہ آئندہ سال حج میں کراچی سے بھی روٹ ٹو مکہ پروگرام شروع کرنے پر اتفاق ہوا ہے جبکہ لاہور کو بھی آئندہ سال پروگرام میں شامل کرنے پر غور کیا جا رہا ہے۔
اُردو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے نگراں وفاقی وزیر انیق احمد نے کہا تھا کہ ’سعودی وزیر حج سے ملاقات میں پشاور اور کوئٹہ کو بھی روٹ ٹو مکہ پروگرام میں شامل کرنے کی درخواست کی ہے جس پر کام کیا جا رہا ہے۔‘
روٹ ٹو مکہ منصوبے کے تحت آنے والے عازمین حج کا امیگریشن ان کے ملکوں میں ہی کر لیا جاتا ہے جب یہ مملکت پہنچتے ہیں تو صرف بارکوڈ سکین کر کے انہیں بسوں میں سوار کر دیا جاتا ہے۔
منصوبے کے تحت آنے والے عازمین کا سامان بھی ان کے ملکوں سے ہی لے لیا جاتا ہے۔ انہیں مملکت آنے کے بعد سامان کے لیے پریشان نہیں ہونا پڑتا۔
روٹ ٹومکہ منصوبے کے تحت آنے والے عازمین جب مملکت پہنچتے ہیں تو ان کا سامان مکہ مکرمہ یا مدینہ منورہ ان کی رہائش پرپہنچا دیا جاتا ہے۔ 
روٹ ٹو مکہ پراجیکٹ کے تحت حج 2022 کے حوالے سے یہ سہولت اسلام آباد ایئرپورٹ پر فراہم کی گئی ہے۔

شیئر: