Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی حکام نے کراچی ایئرپورٹ پر رُوٹ ٹو مکہ پروجیکٹ کا سروے مکمل کر لیا: وزارتِ مذہبی امور

جدید نظام کے باعث عازمینِ حج کے سامان کی گمشدگی کی شکایات میں واضح کمی نظر آئے گی (فائل فوٹو: وزارت مذہبی امور)
پاکستان کی وزارت مذہبی امور اور ہم آہنگی نے کہا ہے کہ سعودی حکام نے کراچی ایئرپورٹ پر روٹ ٹو مکہ پروجیکٹ کا سروے  کامیابی سے مکمل کر لیا ہے۔
وزارت مذہبی امور کے جمعے کو جاری کردہ بیان کے مطابق سیکریٹری مذہبی امور ڈاکٹر سید عطاء الرحمان نے کہا کہ ’اس سال کراچی ایئرپورٹ کے ذریعے سفر کرنے والے عازمینِ حج کی سعودی امیگریشن اور کسٹم  کلیئرنس کراچی ایئرپورٹ پر ہی مکمل کی جائے گی۔‘
انہوں نے کہا کہ ’قوی امکان ہے کہ سعودی حکام کراچی ایئرپورٹ پر جدید ترین امیگریشن ٹیکنالوجی متعارف کروائیں گے۔ اس جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے ایک منٹ سے کم وقت میں سعودی امیگریشن مکمل کی جا سکےگی۔‘
’عازمینِ حج کے سامان کی ترسیل آر ایف آئی ڈی ٹیکنالوجی کی مدد سے مکمل کی جائے گی۔ عازمینِ حج کے سامان پر آٹھ زونز کی بنیاد پر امتیازی رنگوں  کے لیبل اور کوڈ لگائے جائیں گے۔‘
’روٹ ٹو مکہ پروجیکٹ کے ذریعے عازمینِ حج کا سامان براہ راست رہائش گاہوں پر پہنچایا جائےگا۔‘
سیکریٹری مذہبی امور کا مزید کہنا تھا کہ جدید نظام کے باعث عازمینِ حج کے سامان کی گمشدگی کی شکایات میں واضح کمی نظر آئے گی۔ سکھر اور کوئٹہ کے عازمینِ حج کو کراچی ایئرپورٹ کے ذریعے روڈ ٹو مکہ پروجیکٹ میں شامل کیا جائے گا۔ پشاور کے عازمینِ حج اسلام آباد ایئرپورٹ کے ذریعے روٹ ٹو مکہ پراجیکٹ سے فائدہ اٹھائیں گے۔‘
انہوں نے بتایا کہ ’60 فیصد سے زائد سرکاری عازمین اور پرائیویٹ حج سکیم کے حجاج بھی روٹ ٹو مکہ پروجیکٹ کی سہولت سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔
بیان کے مطابق ’سیکریٹری مذہبی امور نے کراچی کو روٹ ٹو مکہ پروجیکٹ میں شامل کرنے پر پاکستان کا دورہ کرنے والے اعلیٰ سعودی حکام اور سعودی سفیر نواف سعید المالکی کا شکریہ ادا  کیا جن کے تعاون اور خصوصی دلچسپی سے پاکستانی عازمینِ حج کو یہ منفرد سہولیات میسر آئیں گی۔‘

شیئر: