Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی کابینہ کا اجلاس: ’غزہ میں اسرائیلی جارحیت کو روکا جائے‘

کابینہ کا اجلاس شہزادہ محمد بن سلمان کی زیر صدارت ریاض میں ہوا ہے۔ ( فوٹو: ایس پی اے)
سعودی کابینہ نے خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز کو رمضان المبارک کی آمد پر مبارکباد دی ہے اور اس موقع پر سعودی عوام اور دنیا بھرکے مسلمانوں سے ان کے خطاب کو سراہا ہے۔
سعودی ولی عہد نے مملکت کو دو مقدس مساجد اور ان کے زائرین کی خدمت کا اعزاز عطا کرنے پر اللہ کا شکر ادا کیا اور دعا کی ماہ مبارک امہ اور دنیا کے لیے سلامتی اور استحکام لائے۔
سرکاری خبر رساں ایجنسی ایس پی اے اور عرب نیوز کے مطابق کابینہ کا اجلاس منگل کو ولی عہد و وزیراعظم شہزادہ محمد بن سلمان کی زیر صدارت ریاض میں ہوا ہے۔
اجلاس میں کابینہ نے غزہ کی پٹی میں اسرائیلی جارحیت کو روکنے اور فلسطینی عوام کے مصائب کو ختم کرنے کی ضرورت کا اعادہ کیا۔
اجلاس میں فلسطینیوں کے تحفظ اور خود ارادیت کے ساتھ رہنے کے حقوق پر زور دیا تاکہ وہ 1967 کی سرحدوں کے اندر ایک قابل اعتماد اور ناقابل واپسی راستے کے ذریعے اپنی ریاست قائم کرسکیں جس کا دارلحکومت مشرقی القدس ہو۔
کابینہ نے تمام سوڈانی فریقوں پر زور دیا کہ’ وہ جدہ مذاکرات کے نتائج کی پابندی کریں جس کا اس افریقی ملک میں استحکام اور خوشحالی کے حصول کےلیے تنازعات کو روکنا اور سیاسی مذاکرات کے ذریعے بحران کو حل کرنا ہے۔‘
اجلاس میں اس امید کا اظہار کیا کہ ’ریاض میں سینڈ اینڈ ڈسٹ سٹروم  سے متعلق پہلی بین الاقوامی کانفرنس کے نتائج اس شعبے میں عالمی کوششوں کی سپورٹ میں معاون ثابت ہوں گے۔‘
کابینہ نے مزید کہا’ یہ کانفرنس موسمیاتی چیلنجوں سے نمٹنے اورگرین سعودی عرب اور گرین مشرق وسطی انیشیٹو کے ذر,یعے ماحولیات کے تحفظ کےلیے سعودی عرب کے اہم کردار کو اجاگر کرتی ہے۔‘
اجلاس میں کہا گیا کہ’ لیپ 24 کے دوران 13.4 ارب ڈالر مالیت کی سرمایہ کاری اور معاہدوں پر دستخط کیے گئے جبکہ ریاض میں ہونے والا ٹیک ایونٹ اس اہم شعبے کےلیے نئے افق کھولے گا۔‘

شیئر: