Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

مسجد الحرام میں روزانہ 2400 افطار دسترخوانوں کا اہتمام

دسترخوان 16 میٹر طویل ہوتا ہے، 32 افطار باکسز رکھے جاتے ہیں (فوٹو: ایس پی اے)
رمضان المبارک کے دوران مسجد الحرام میں زائرین و معتمرین کے لیے افطار دسترخوانوں کا اہتمام صدیوں پرانی روایت ہے جو آج بھی جاری و ساری ہے۔
اخبار 24 سے بات کرتے ہوئے افطار دسترخوان انتظامیہ کے رکن عزام اللحیانی نے بتایا کہ ’مسجد الحرام میں روزانہ 2400 دسترخوانوں کا اہتمام کیا جاتا ہے جس پر ہزاروں افراد افطار کرتے ہیں۔‘
انہوں نے بتایا کہ ’ایک دسترخوان 16 میٹر طویل ہوتا ہے جس پر 32 افطار باکسز رکھے جاتے ہیں جو کھجور، کیک اور پائی پر مشتمل ہوتے ہیں۔‘
افطار کی فراہمی کے لیے خیراتی اداروں اور شخصیات کی جانب سے حرمین شریفین اتھارٹی کی ویب سائٹ پر ای رجسٹریشن کا آغاز رمضان سے پہلے کیا جاتا ہے۔
علاوہ ازیں ایک خیراتی ادارے امیرہ صیتہ ٹرسٹ کے کارکن سامی الزھرانی نے کہا کہ ’ٹرسٹ  کا آغاز 12 سال قبل ہوا تھا۔‘
’ٹرسٹ کی جانب سے 150 رضاکاروں کی مدد سے 9 ہزار افطار باکسز تقسیم کیے جاتے ہیں جس میں 6 ہزار مسجد الحرام کے اندر جبکہ 3 ہزار بیرونی صحن میں تقسیم کیے جاتے ہیں۔ افطار باکس جوس، کھجور، کپ کیک اور بسکٹ پر مشتمل ہوتا ہے۔‘
واضح رہے رمضان میں خیراتی اداروں اور شخصیات کی کوشش ہوتی ہے کہ مسجدالحرام میں زیادہ سے زیادہ  افطار دسترخوان کا اہتمام کیا جائے۔

شیئر: