جازان ریفائنری پر حملے میں غیر ملکی کارکن کی ہلاکت، کئی زخمی، آگ پر قابو پا لیا گیا: وزارت توانائی
جمعرات 26 نومبر 2026 21:31
زخمیوں کو ہسپتال منتقل کردیا گیا۔ طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔ ( فوٹو: ایس پی اے)
سعودی وزارت توانائی کے ایک سرکاری ذریعے نے کہا ہے کہ جمعرات کو جازان آئل ریفائنری پر دشمن کا پروجیکٹائل گرنے سے ایک نیپالی کارکن کی موت واقع ہوگئی جبکہ متعدد زخمی ہوگئے۔
ایس پی اے کے مطابق وزارت نے بیان میں کہا حملے کے نتیجے میں ریفائنری میں آگ لگ گئی جس پر قابو پا لیا گیا۔ ریفائنری میں کچھ آپریشنزعارضی طور پر معطل ہوگئے۔
وزارت کے ذریعے نے بتایا زخمیوں کو ہسپتال منتقل کردیا گیا۔ طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔
ذرائعے کا کہنا تھا ایمرجنسی ٹیموں اور سپیشلسٹ تیکنیکی عملے نے فوری کارروائی کی۔ متعلقہ حکام کے ساتھ مل کر نقصان کا تخمینہ لگانے اور تنصیبات کی سیفٹی کا جائزہ لینے کے لیے کام جاری ہے۔
بیان میں مرنے والے کارکن کے اہل خانہ سے دلی تعزیت کا اظہار اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کی خواہش ظاہر کی گئی۔
اس سے قبل یمن میں آئینی حکومت کی بحالی کے لیے قائم اتحاد نے بتایا کہ جمعرات کو حوثیوں کے بیلسٹک میزائل لانچ پلیٹ فارم کو تباہ کردیا جسے جازان ریفائنری پر حملے کے لیے استعمال کیا گیا تھا۔
یمن کی الحدیدہ بندرگاہ میں واقع اس مقام کو نشانہ بنایا گیا جہاں سے مملکت میں بحیرہ احمر کے ساحل پر واقع ریفائنری پر حوثی ملیشیا نے حملہ کیا تھا۔
ترجمان نے انتباہ کیا کہ شہریوں اور شہری تنصیبات کو نشانہ بنائے جانے پر فیصلہ کن جواب دیا جائے گا۔
