اسلام آباد: معاہدۂ مکہ کے رکن ممالک کا اجلاس آج، یمن کی صورت حال پر تبادلہ خیال ہوگا
جمعرات 26 نومبر 2026 22:42
مکہ دفاعی معاہدے کے تحت سعودی عرب، پاکستان اور ترکیہ کی سٹریٹجک سیاسی و دفاعی کمیٹی کا اجلاس آج اسلام آباد میں منعقد ہو رہا ہے۔
پاکستانی دفتر خارجہ کے مطابق اجلاس کی میزبانی پاکستان کرے گا، جس میں تینوں ممالک کے وزرائے خارجہ، وزرائے دفاع اور عسکری سربراہان کی شرکت متوقع ہے۔
اجلاس سے قبل اسلام آباد میں دو ابتدائی اجلاس ہو چکے ہیں جبکہ انتظامی اور تیاریوں سے متعلق تمام امور مکمل کر لیے گئے ہیں۔
پاکستان کے وزیر دفاع خواجہ آصف نے فرانسیسی خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کو بتایا کہ معاہدۂ مکہ میں شامل ممالک سعودی عرب اور ایران کے حمایت یافتہ یمنی حوثی جنگجوؤں کے درمیان جاری کشیدگی پر تبادلۂ خیال کریں گے۔
خواجہ آصف نے کہا کہ ’سعودی عرب کے جنوب میں مسلسل جاری بدامنی یقیناً اجلاس کے ایجنڈے کا ایک اہم نکتہ ہوگی۔‘
اُنہوں نے تصدیق کی کہ اجلاس میں سعودی عرب، ترکیہ اور پاکستان کے وزرائے دفاع اور وزرائے خارجہ شرکت کریں گے۔
اس اہم اجلاس کے موقعے پر اسلام آباد میں آج مقامی تعطیل کا اعلان کیا گیا ہے، ڈپٹی کمشنر کی جانب سے جمعرات کو جاری کیے گئے نوٹیفیکیشن کے مطابق ’آج شہر میں سرکاری دفاتر بند رہیں گے۔‘
نوٹیفیکیشن میں کہا گیا ہے کہ ’ایم سی آئی، سی ڈی اے، ضلعی انتظامیہ اور پولیس کے دفاتر بدستور کھلے رہیں گے۔‘
نوٹیفیکیشن کے مطابق ’آئیسکو، سوئی ناردرن گیس اور ہسپتالوں میں معمول کے مطابق کام جاری رہے گا۔‘
دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ اجلاس میں تینوں ممالک کے مابین دفاعی و سیاسی تعاون کو مزید مضبوط بنانے، علاقائی سلامتی کی صورت حال اور مشترکہ سکیورٹی چیلنجز پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔
مکہ دفاعی معاہدے کے تحت قائم اس کمیٹی کے سیکریٹری جنرل جنرل (ر) نعمان محمود بھی اجلاس کے انتظامی اور ادارہ جاتی امور میں کردار ادا کر رہے ہیں۔
اسلام آباد میں ٹریفک پلان جاری کردیا گیا
دوسری جانب اسلام آباد پولیس نے اپنے ٹریفک ایڈوائزری میں کہا ہے کہ غیر ملکی وفود کی آمدورفت کے پیش نظر وفاقی دارالحکومت میں خصوصی ٹریفک انتظامات کیے جائیں گے۔
اسلام آباد ٹریفک پولیس کے مطابق جمعرات شام 6 بجے سے سنیچر 28 نومبر کی رات ساڑھے 12 بجے تک موٹروے اور جی ٹی روڈ کے ذریعے بھاری گاڑیوں کا اسلام آباد اور راولپنڈی میں داخلہ بند رہے گا۔
دونوں شہروں کو پبلک ٹرانسپورٹ کی سہولت فراہم کرنے والا فیض آباد بس ٹرمینل بھی اسی دوران بند رہے گا۔
اس کے علاوہ جمعرات رات 10 بجے سے سنیچر کی رات ساڑھے 12 بجے تک میٹرو بس اور الیکٹرک بس سروس سیونتھ ایوینیو سٹیشن سے پاک سیکریٹریٹ کے درمیان معطل رہے گی۔
مارگلہ ہلز کے ہائیکنگ ٹریل 3 اور 5 جمعہ 27 نومبر کو صبح 6 بجے سے رات 11 بجے تک عام شہریوں کے لیے بند رہیں گے۔
پولیس نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ پابندیوں کے دوران اسلام آباد اور راولپنڈی کے غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور گھر سے نکلنے سے پہلے سرکاری ذرائع سے ٹریفک کی تازہ صورت حال معلوم کر لیں۔
پاکستان، سعودی عرب اور ترکیے کا دفاعی معاہدہ کیا ہے؟
پاکستان کے وزیراعظم شہباز شریف، سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان اور ترکیے کے صدر رجب طیب اردوغان نے اگست میں مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے پر دستخط کیے تھے۔
یہ معاہدہ ایسے وقت میں سامنے آیا جب امریکہ اور ایران کے درمیان جنگ کے باعث خلیجی خطے میں سکیورٹی خدشات بڑھ گئے تھے۔
پاکستان اور سعودی عرب نے ستمبر 2025 میں باہمی دفاعی تعاون کا عہد کیا تھا، جبکہ مکہ معاہدے کے ذریعے ترکیے کو بھی اس سہ فریقی دفاعی شراکت داری میں شامل کر لیا گیا۔
معاہدے کے تحت تینوں ممالک نے اس اصول پر اتفاق کیا کہ ان میں سے کسی ایک ملک پر مسلح حملے کو تینوں ممالک پر حملہ تصور کیا جائے گا۔
پاکستان کے نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار پہلے ہی کہہ چکے ہیں کہ اس معاہدے کی اعلیٰ سطحی سکیورٹی کمیٹی کا اجلاس نومبر کے اختتام سے قبل اسلام آباد میں ہوگا۔
دفتر خارجہ کے مطابق اجلاس میں معاہدے کے تحت ہونے والی پیش رفت کا جائزہ لیا جائے گا اور تینوں ممالک کے درمیان رابطوں اور تعاون کو مزید بہتر بنانے پر غور ہوگا۔ دفتر خارجہ نے واضح کیا ہے کہ یہ معاہدہ دفاعی نوعیت کا ہے اور کسی ملک کے خلاف نہیں۔
31 اگست کو استنبول میں پاکستان، سعودی عرب اور ترکیے کے وزرائے خارجہ، وزرائے دفاع اور عسکری سربراہوں کے اجلاس میں اس اتحاد کے معاملات میں رابطہ کاری کے لیے ریاض میں مستقل سیکریٹریٹ قائم کرنے پر اتفاق کیا گیا تھا۔
تینوں ممالک نے دفاعی ٹیکنالوجی مشترکہ طور پر تیار کرنے اور اس کی پیداوار بڑھانے پر بھی اتفاق کیا تھا۔
اس کے بعد 5 اکتوبر کو تینوں ممالک کے نمائندے سعودی دارالحکومت ریاض میں دوبارہ جمع ہوئے، جہاں سعودی عرب کو درپیش خطرات پر ہنگامی مذاکرات کیے گئے۔
اجلاس میں مکہ اور مدینہ کو نشانہ بنانے کی کوششوں اور سعودی شہروں، شہری تنصیبات اور اقتصادی مراکز پر حملوں کی مذمت کی گئی تھی۔
اسی اجلاس میں پاکستان کے ریٹائرڈ لیفٹیننٹ جنرل نعمان محمود کو اس دفاعی اتحاد کا پہلا سیکریٹری جنرل مقرر کرنے کی بھی توثیق کی گئی۔ وہ تین سال کے لیے یہ ذمہ داری انجام دیں گے۔ پاکستان نے 23 ستمبر کو ان کی تقرری کا اعلان کیا تھا۔
