سینیٹ انتخاب، کامیاب امیدواروں میں اسحاق ڈار، محمد اورنگزیب اور فیصل واؤڈا نمایاں
سینیٹ انتخاب، کامیاب امیدواروں میں اسحاق ڈار، محمد اورنگزیب اور فیصل واؤڈا نمایاں
منگل 2 اپریل 2024 17:26
صالح سفیر عباسی، اسلام آباد
اسلام آباد میں دو نشستوں پر ن لیگ اور پیپلز پارٹی کے مابین سیٹ ایڈجسٹمنٹ کی گئی تھی(فائل فوٹو: سکرین گریب)
پاکستانی پارلیمان کے ایوان بالا (سینیٹ) کی 19 نشستوں پر انتخابات کا عمل مکمل ہو گیا ہے۔ آج (منگل کو) سندھ کی 12، پنجاب کی پانچ اور اسلام آباد کی دو نشستوں پر ووٹنگ ہوئی۔
سینیٹ انتخابات 2024 میں اسلام آباد کی دو نشستوں پر حکمران اتحاد بازی لے گیا۔ ٹیکنوکریٹ کی نشست پر اسحاق ڈار 222 جبکہ جنرل نشست پر رانا محمود الحسن نے 224 ووٹ حاصل کرکے کامیابی حاصل کی۔
سینیٹ انتخابات میں اسلام آباد کی دو نشستوں کے لیے چار امیدوار میدان میں تھے۔ ووٹنگ کے لیے قومی اسمبلی ہال پولنگ سٹیشن میں تبدیل ہوا اور ریٹرنگ افسر سعید گل نے ووٹنگ کا عمل صبح 9 شروع کروایا جو چار بجے ختم ہوا۔ درمیان میں نماز ظہر کا وقفہ بھی کیا گیا۔
اسلام آباد میں دو نشستوں پر ن لیگ اور پیپلز پارٹی کے مابین سیٹ ایڈجسٹمنٹ کی گئی تھی۔ کل 310 ووٹرز نے اپنا ووٹ کاسٹ کیا۔ ن لیگ کے اسحاق ڈار ٹیکنوکریٹ کی نشست پر 222 ووٹ لے کر کامیاب ہوئے۔ آزاد امیدوار راجہ انصر کیانی کو 81 ووٹ ملے جبکہ ٹیکنوکریٹ کی نشست کے سات ووٹ مسترد ہوئے۔
پیپلز پارٹی کے رانا محمود الحسن جنرل نشست پر 224 ووٹ لے کر کامیاب ہوئے۔ جنرل نشست پر آزاد امیدوار فرزند حسین کو 79 ووٹ ملے جبکہ سات ووٹ مسترد ہوئے۔
وزیراعظم شہباز شریف، قائد مسلم لیگ ن نواز شریف، بلاول بھٹو زرداری، سپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق، چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر علی خان، عمر ایوب سمیت 310 اراکین قومی اسمبلی نے ووٹنگ میں حصہ لیا۔
پنجاب سے سینیٹ انتخابات کے نتائج
پنجاب سے مسلم لیگ ن نے سینیٹ کی پانچوں نشستوں پر کامیابی حاصل کر لی۔ مسلم لیگ ن نے خواتین کی 2، ٹیکنوکریٹ کی 2 اور ایک اقلیتی نشست پر کامیابی حاصل کی ہے۔ پنجاب سے محمد اورنگزیب، مصدق ملک اور خلیل طاہر سندھو کامیاب ٹھہرے۔
خواتین کی نشستوں پرمسلم لیگ ن کی انوشہ رحمان، بشریٰ انجم بٹ سینیٹر منتخب ہو گئیں۔ سنی اتحاد کونسل کی ڈاکٹر یاسمین راشد 106ووٹ حاصل کر سکیں جبکہ صنم جاوید کو 102 ووٹ ملے۔
سینیٹ الیکشن کے دوران پنجاب اسمبلی میں کل 356 ووٹ کاسٹ کیے گئے۔ مسلم لیگ ن اور ان کی اتحادی جماعتوں کے 248 ارکان اسمبلی نے ووٹ کاسٹ کیا جبکہ سنی اتحاد کونسل کے 107 ارکان اسمبلی نے ووٹ کاسٹ کیا۔
سندھ سے سینیٹ انتخابات کے نتائج
پاکستان پیپلز پارٹی نے سسندھ سے سینیٹ کی 10 نشستوں پر کامیاب سمیٹ لی ہے۔ آزاد امیدوار فیصل واؤڈا بھی نشست جیتنے میں کامیاب رہے ہیں۔
سندھ اسمبلی میں سینیٹ کی 12 نشستوں پر 19 امیدوار مدمقابل تھے۔ نتائج کے مطابق پیپلزپارٹی نے سندھ سے سینیٹ کی 10 نشستیں جیت لیں جبکہ متحدہ قومی موومنٹ پاکستان اور آزاد امیدوار نے ایک ایک نشست حاصل کی۔
جنرل نشست پر پیپلزپارٹی کے اشرف علی جتوئی، دوست علی جیسر، کاظم علی شاہ، مسرور احسن، ندیم بھٹو، ایم کیو ایم کے عامرچشتی اور آزاد امیدوار فیصل واوڈا سینیٹر منتخب ہوئے۔
خواتین کی نشست پر پی پی روبینہ قائم خانی، قراۃ العین مری جبکہ ٹیکنوکریٹ نشست پر سرمد علی اور ضمیر گھمرو کامیاب قرار پائے۔ اقلیت کی نشست پر پیپلزپارٹی کے پنجومل بھیل سینیٹر منتخب ہوئے۔
خیبرپختونخوا اسمبلی میں انتخاب ملتوی
الیکشن کمیشن نے خیبرپختونخوا میں سینیٹ انتخابات ملتوی کرنے کا حکم نامہ جاری کیا جس کے باعث آج خیبرپختونخوا میں سینیٹ کی نشستوں پر انتخابات نہیں ہو سکے۔
الیکشن کمیشن کے حکم نامے کے مطابق خیبرپختونخوا اسمبلی کے نو منتخب ارکان سے حلف نہ لینے کے باعث انتخابات ملتوی کیے گئے۔ الیکشن کمیشن نے آئین کے آرٹیکل 218 (3) اور الیکشن ایکٹ کے تحت اختیارات استعمال کرتے ہوئے انتخابات ملتوی کیے۔
بلوچستان کی 11، پنجاب کی سات جنرل نشستوں پر امیدوار بلامقابلہ منتخب ہو چکے ہیں۔