Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

اسرائیل پر ایران کا جوابی حملہ، متعدد بین الاقوامی پروازیں منسوخ

ایک بیان میں ایروفلوٹ نے کہا کہ ’ماسکو سے تہران جانے والی فلائٹ ایس یو 514 کو مخاچکلا ایئرپورٹ پر اتارا گیا ہے۔‘ فوٹو: روئٹرز
دنیا بھر سے مشرق وسطٰی جانے والی متعدد پروازوں کو منسوخ کر دیا گیا ہے۔
عالمی خبر رساں ایجنسیوں کے مطابق ایروفلوٹ ایئرلائن کی پرواز جس نے ماسکو سے تہران کے لیے اُڑان بھری تھی کو داغستان کے ایک ایئرپورٹ پر اُتار لیا گیا ہے۔
ایروفلوٹ نے ایک بیان میں کہا ہے کہ اس کی مصر اور متحدہ عرب امارات جانے والی کئی پروازوں کو بھی منسوخ کر دیا گیا ہے۔
ٹیلیگرام ایپ پر ایک بیان میں ایروفلوٹ نے کہا کہ ’ماسکو سے تہران جانے والی فلائٹ ایس یو 514 کو مخاچکلا ایئرپورٹ پر اتارا گیا ہے اور طیارہ ایندھن بھرنے کے بعد واپس ماسکو آئے گا تاکہ مسافروں کی حفاظت کو یقینی بنایا جا سکے۔‘
ایئرلائن کے مطابق تہران سے ماسکو واپس آنے والی پرواز کو منسوخ کر دیا گیا ہے۔
روسی ایئرلائن نے مزید کہا ہے کہ اُس کی مصر کے سیاحتی مقام ہُرغادا جانے والی پروازوں کو بھی منسوخ کر دیا گیا ہے جو ماسکو اور سینٹ پیٹرزبرگ سے جا رہی تھیں۔
ایئرلائن اتوار کی شام تک بحیرہ احمر کے علاقوں میں پروازیں نہیں چلائے گی اور ماسکو سے مصری سیاحتی مقام شرم الشیخ، اور ماسکو سے دبئی اور ابوظبی کی پروازیں بھی منسوخ کی گئی ہیں۔
وال سٹریٹ جرنل کے مطابق سوئس انٹرنیشنل ایئرلائنز نے اسرائیل کے شہر تل ابیب کے لیے پروازیں معطل کر دی ہیں۔
یونائیٹڈ ایئر لائنز نے سینچر کو ایک بیان میں کہا کہ اُس کی نیوآرک سے تل ابیب جانے والی پرواز کو اسرائیلی فضائی حدود بند ہونے کی وجہ سے منسوخ کیا گیا۔
ایران کے ساتھ کشیدگی بڑھنے اور احتیاطی تدبیر کے طور پر ملکی فضائی حدود بند کیے جانے کے باعث اسرائیلی ایئر لائنز نے سنیچر اور اتوار کو 15 پروازیں منسوخ کیں۔
ایئر لائنز کے بیان کے مطابق اسرائیل سے پیرس، روم، بارسلونا، میلان، بخارسٹ، صوفیہ، ایتھنز، دبئی اور ماسکو جانے والی پروازیں متاثر ہوئیں۔

شیئر: