Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کنگ سلمان رائل ریزرو :  نقل مکانی کرنے والے پرندوں کی پناہ گاہ

وسیع حدود میں جنگلی پرندوں کی 290 قابل ذکر اقسام ریکارڈ کی گئی ہیں۔ فوٹو ایکس(برڈ لائف)
سعودی عرب  کے شمالی حصے میں  قائم کنگ سلمان بن عبدالعزیز رائل ریزرو کو برڈ لائف انٹرنیشنل آرگنائزیشن نے تسلیم کیا ہے۔
عرب نیوز کے مطابق حالیہ توسیع کے سبب رائل ریزرو کی حیثیت دنیا میں پرندوں کی سب سے بڑی اور اہم ترین پناہ گاہوں میں سے ایک کے طور پر مانی گئی ہے۔
ریزرو میں عالمی نوعیت کے پرندوں کی  پناہ گاہوں کے اضافے میں الطریف،حرۃ الحرۃ، حائل اور طبرجل کے علاقے شامل ہیں۔
دنیا بھر سے پرندوں کی نقل مکانی کے  متعدد راستوں میں آنے والے یہ علاقے اہم ترین تحفظ گاہیں تصور کی جاتی ہیں۔
کنگ سلمان ریزرو کی وسیع حدود میں جنگلی پرندوں کی 290 قابل ذکر اقسام ریکارڈ کی گئی ہیں اور حیرت انگیز طور پر ان میں سے 88 فیصد نقل مکانی کرنے والے جبکہ 12 فیصد مقامی پرندے ہیں۔
ایک اور قابل ذکر بات یہ ہے کہ مملکت کے تمام خطوں میں ریکارڈ کیے گئے کل پرندوں کی تعداد میں سے 58 فیصد اس پناہ گاہ میں قیام کرتے ہیں۔
رائل ریزرو کے مرکز میں واقع الخنفہ قدرتی پناہ گاہ  ایسی جگہ تصور کی جاتی ہے جو صحرائے النفود الکبیر کے کنارے پر 20 ہزار مربع کلومیٹر سے زیادہ رقبے پر پھیلی ہوئی ہے۔

رائل ریزرو  اہم ترین پناہ گاہوں میں سے ایک مانی گئی ہے۔ فوٹو واس

صحرائے النفود میں الحنفہ کا علاقہ 1987 میں قدرتی ذخیرے کے طور پر نامزد کیا گیا جہاں زمین کی تزئین قدرتی طور پر سرمئی اور ہلکے بھورے رنگ سے ہے۔
 اس علاقے میں مختلف جنگلی جانوروں اور پودوں کی انواع پائی جاتی ہیں جن میں مقامی اور ہجرت کرنے والے حباری نسل کے پرندے بھی شامل ہیں۔
اس علاقے میں ارفج، ایتھل، ارطا، طلح، ہرمل اور لیوینڈر جیسے معروف پودوں  کی متعدد اقسام پائی جاتی ہیں۔
کنگ سلمان بن عبدالعزیز رائل ریزرو ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے مواصلات و تعلقات عامہ کے ڈائریکٹر فہد الشوائر نے بتایا ہے کہ علاقے میں مختلف قسم کی جنگلی حیات بہت زیادہ ہیں۔

موسمی بارشیں پودوں کی نشوونما اور تقویت کے لیے اہم ثابت ہوتی ہیں۔ فوٹو واس

عرب نسل کے ہرن ریزور میں لائے گئے ہیں اور پہلے سے موجود جنگلی حیات کی دیکھ بھال اور پرورش کے منصوبے بنائے گئے ہیں جس کا مقصد یہاں کے ماحولیاتی نظام کو بحال رکھنا ہے۔
الخنفہ کا علاقہ نہ صرف جنگلی عجائبات کا گھر ہے بلکہ یہاں رینگنے والے مختلف جانوروں کے ساتھ ساتھ خرگوش اور لومڑیوں کی بھی میزبانی  کی جاتی ہے۔
یہ ریزور صحرائی بلی، جنگلی بلی،  جنگلی خرگوش اور صحرائی نیولے اور چھوٹے کوبرا کے علاوہ شاندار عرب نسل  کے بھیڑیے اور بہت سے دیگر جانوروں کا مسکن ہے۔
کنگ سلمان رائل ریزرو میں مقامی پرندوں کی نسلیں بھی آباد ہیں جیسا کہ عربی تیتر، عظیم تر ہوپو لارک، اللو ، لمبی ٹانگوں والے بوزارڈ اور ہجرت کرنے والے پرندے جیسے سٹیپ ایگل، ایسٹرن امپیریل ایگل، گدھ اور سیکر فالکن وغیرہ ۔

علاقے میں 50 سے 100 ملی میٹر تک موسمی بارشیں ہوتی ہیں۔ فوٹو واس

الخنفہ میں موجود رینگنے والے جانوروں میں مختلف نسل کے صحرائی جانوروں کے علاوہ  مختلف نوعیت کی چھپکلیاں، مینڈک کے سر والی چھپکلی اور جھالر والی چھپکلی بھی پائی جاتی ہے۔
الشوائر نے بتایا کہ الخنفہ میں خرگوش کی ایک خاص نسل  کے ساتھ لومڑی کی دو نسلیں سرخ لومڑی اور روپل لومڑی بھی موجود ہیں۔
 فہد الشوائر نے بتایا کہ الخنفہ کا پہاڑی علاقے بغیث، الاسمر، عنز، ابو طلحات، ضحیہ، الضحکیہ اور الفطر کے علاوہ وادی الموردہ ، نیال، السلیح، العقیلہ، ابو مطایا جیسی وادیاں  فطرت کی شان و شوکت کو ظاہر کرتی ہیں۔
علاقے میں 50 سے 100 ملی میٹر تک موسمی بارشیں ہوتی ہیں جو یہاں کی  زمین، پودوں، درختوں اور جنگلی حیات کی پناہ گاہوں کو قائم رکھنے میں بہترین کام سرانجام دیتی ہیں۔  

پرندوں میں 88 فیصد نقل مکانی کرنے والے اور دیگر مقامی ہیں۔ فوٹو واس

ریزرو کا زیادہ تر ریتلا اور چٹانی علاقہ، میدانی، پہاڑی ڈھلوان اور ٹیلے، مقامی اور ہجرت کرنے والی جنگلی حیات کی انواع کے لیے بہترین مسکن ہے۔
موسمی بارشیں پودوں کی نشوونما اور تقویت کے لیے اہم ثابت ہوتی ہیں، مٹی کی زرخیزی کو ازسرنو توانا کرنے اور ساخت بہتر بنانے کا کام کرتی ہیں، جس سے پودوں کی انواع کی نشوونما کے لیے مثالی ماحول کی تخلیق میں مدد ملتی ہے۔
بارشوں کے نتیجے میں آنے والے سیلاب ایسے پودوں کو متاثر کر سکتے ہیں جو مسلسل پانی میں ڈوبے رہنے کو برداشت نہیں کرتے اور سیلابی صوتحال پودوں کی مخصوص انواع کے لیے چیلنجز کا باعث بنتی ہے۔
فہد الشوائر نے بتایا کہ ماحولیاتی پناہ گاہ کی طویل مدتی پائیداری کو یقینی بنانے کے لیے مختلف پروگرام، اقدامات اور منصوبے نافذ کئے جا رہے ہیں۔
 

شیئر: