سوڈان اور پڑوسی ممالک کے لیے 61 ملین ڈالر کے نئے منصوبے شروع کرینگے: الربیعہ
سعودی عرب نے بحران کے حل کے لیے مذاکرات کی میزبانی کی (فوٹو: ایس پی اے)
شاہ سلمان امدادی مرکز کے نگران اعلی ڈاکٹر عبداللہ بن عبدالعزیز الربیعہ نے کہا ہے کہ ’سعودی عرب کی جانب سے سوڈانی بھائیوں کے لیے فوری امدادی مہم شروع کی گئی۔ بحری اورفضائی ذریعے سے متاثرین کے لیے امدادی سامان بھیجا گیا‘۔
سعودی خبررساں ایجنسی ’ایس پی اے‘ کے مطابق یورپی یونین کے زیراہتمام پیرس میں سوڈان سے متعلق کانفرنس سے خطاب کرتےہوئے کہا کہ ’سوڈان کے لیے مرکز کی جانب سے انسانی ہمدردی کی بنیاد پر59 ملین امریکی ڈالر کے 43 منصوبے شروع کیے گئے‘۔
انہوں نے بتایا’ مرکز نے سوڈان میں طبی امدادی کیمپس قائم کیے اور20 طبی رضا کار یونٹس وہاں بھیجے‘۔
ڈاکٹر الربیعہ نے اس یقین کا اظہار کیا کہ ’انسانی ہمدردی کی بنیادوں پرکام کرنے والی تنظیموں اور فلاحی ادارو کی جانب سے سوڈانی متاثرین کی بحالی کے لیے امدادی سلسلہ جاری رہے گا‘۔
شاہ سلمان مرکز کے سربراہ کا کہنا تھا’ سعودی عرب کبھی سوڈان یا پڑوسی ممالک کے بحران پر انہیں فراموش نہیں کرے گا۔ انسانی ہمدردی کی بنیاد پرامن کی بحالی تک کوششوں کو جاری رکھا جائے گا‘۔
انہوں نے مزید کہا ’مملکت کی جانب سے سوڈان کے تنازعے کے حل کے لیے اہم کردار ادا کرتے ہوئے مذاکرات کی میزبانی کی‘۔
علاوہ ازیں مملکت کی قیادت کی جانب سے سوڈانی متاثرین کی امداد کے لیے 100 ملین امریکی ڈالر کے فنڈ کا بھی اعلان کیا جس میں مزید 20 ملین ڈالر کا اضافہ کیا گیا۔
ان کا کہنا تھا ’مملکت کی جانب سے آنے والے دنوں میں سوڈان اور پڑوسی ممالک کے لیے بین الاقوامی اور مقامی تنظیموں کے تعاون سے 61 ملین امریکی ڈالر کے منصوبوں کا آغاز کیا جائے گا‘۔