Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ریاض میں سعودی ولی عہد سے وزیراعظم شہباز شریف کی ملاقات

شہباز شریف نے سعودی ولی عہد کو جلد از جلد پاکستان کا سرکاری دورہ کرنے کی دعوت دی (فائل فوٹو:ایس پی اے)
سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے وزیراعظم شہباز شریف نے ریاض میں ملاقات کی جس میں دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان دو طرفہ تعلقات، علاقائی صورتحال اور غزہ میں اسرائیلی جنگ پر تبادلہ خیال کیا۔
عرب نیوز کے مطابق شہباز شریف نے ریاض میں سعودی ولی عہد کی جانب سے منعقد کیے گئے خصوصی ڈائیلاگ اور گالا ڈنر میں شرکت کی۔
پاکستان کے وزیراعظم کے دفتر کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ شہباز شریف نے ریاض میں ورلڈ اکنامک فورم کے خصوصی اجلاس کے کامیاب انعقاد پر سعودی ولی عہد کو مبارکباد دی۔
وزیراعظم آفس کے بیان کے مطابق ’وزیراعظم نے خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی صحت اور لمبی عمر کے لیے اپنی دعائیں اور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ دوطرفہ تعلقات کے علاوہ علاقائی صورتحال بالخصوص غزہ کے بحران کے حوالے سے بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔‘
شہباز شریف نے رواں ماہ کے آغاز میں سعودی عرب کے وزیر خارجہ فیصل بن فرحان کی سربراہی میں اعلیٰ سطح کا وفد پاکستان بھیجنے پر سعودی ولی عہد کا شکریہ ادا کیا۔
وفد نے مملکت اور جنوبی ایشیائی ملک کے درمیان اقتصادی تعاون کو بڑھانے کے لیے پاکستانی وزراء اور کاروباری شخصیات سے اہم ملاقاتیں کیں۔
بیان کے مطابق بات چیت کو جاری رکھنے کے لیے وزیراعظم نے کہا کہ وہ اپنے ساتھ ایک اعلیٰ وفد کو ریاض لائے ہیں جس میں سرمایہ کاری کے لیے ذمہ دار اہم وزراء بھی شامل ہیں تاکہ متعلقہ حکام کے درمیان فالو اپ میٹنگز ہو سکیں۔
شہباز شریف نے سعودی ولی عہد کو جلد از جلد پاکستان کا سرکاری دورہ کرنے کی دعوت دی۔
شہباز شریف نے اتوار کو ورلڈ اکنامک فورم کے اجلاس کے موقع پر سعودی عرب کے وزرائے خزانہ، سرمایہ کاری اور صنعت سے بھی ملاقات کی۔
سعودی وزیر خزانہ سے ملاقات میں دونوں فریقین نے اتفاق کیا کہ سعودی عرب پاکستان میں سرمایہ کاری کے مزید مواقع تلاش کرے گا۔
وزیراعظم آفس  کی جانب سے جاری بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ سعودی وزیر خزانہ محمد الجدعان نے پاکستان کی اقتصادی ترقی کے لیے مملکت کی حمایت کا اعادہ کیا۔

شیئر: