Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

شاہی مہلت: 23برس ہندوستانی کی واپسی

نئی دہلی .... 52سالہ ہندوستانی کارکن جانا پرکاشم راج نرائن نے سعودی عرب میں 23برس تک غیر قانونی قیام کو خیر باد کہہ کر ہندوستان جانے کا فیصلہ کرلیا۔ اس نے خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی 90روزہ مہلت سے فائدہ اٹھاتے ہوئے وطن واپسی کا پروگرام بنالیا۔ ٹائمز آف انڈیا نے اس کی کہانی پیش کرتے ہوئے واضح کیا کہ ہندوستانی کارکن اگست 1994ء کے دوران حائل کے دور دراز قریہ میں کاشتکار کے طور پر ملازمت کیلئے سعودی عرب پہنچا تھا۔ وہ سعودی عرب پہنچنے کے بعد3کفیلوں کے چکر میں پھنسا رہا۔ اسے پتہ نہیں تھا کہ اسکا حقیقی کفیل کون ہے۔ معمولی محنتانے پر گزارہ کرتا رہا۔ ہندوستانی کارکن کا کہناہے کہ مجھے تینوں میں سے کسی نے کوئی تنخواہ نہیں دی۔ آخر تک مجھے نہیں معلوم ہوسکا کہ ان میں سے کون میرا حقیقی کفیل ہے۔ اسی وجہ سے میں نے فرار کا فیصلہ کیا اور مجبوراً غیر قانونی طریقے سے زندگی گزارنے لگا۔ صحراء کا رخ کیا اور وہیں اپنی آدھی زندگی گزاردی۔ ہندوستانی کارکن نے بتایا کہ وہ ہندوستان سے نکلا تھا تو اسکی کمسن 4بیٹیاں تھیں۔ اب واپس ہوگا تو وہ نانا کی حیثیت سے اپنی بیٹیوں اور انکی اولاد کو دیکھے گا۔ اس نے سعودی عرب کی آمدنی سے اپنی تینوں بیٹیوں کی شادیاںکیں مگر آج تک اپنے لئے کوئی مکان نہیں بنوا سکا۔ اسکے پاس نہ تو بینک کارڈ ہے اور نہ ووٹر آئی ڈی۔ یہ ساری تبدیلیاں سعودی عرب میں قیام کے دوران ہی ہندوستان میں آئیں۔اس نے 2015ء میں اپنی بیوی سے آخری بار فون پر بات کی تھی۔ وہ اس وقت اسپتال میں داخل ہونے والی تھی۔ اس کے بعد بیوی سے رابطہ نہیں ہوسکا۔ ایک سال بعد وہ دنیا سے رخصت ہوگئی۔ ہندوستانی کارکن نے حائل میں ایک سماجی امور کے ماہر کی مدد سے وطن واپسی کی کارروائی کرائی۔

شیئر: