Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی شہری نے گھر کیوں چھوڑا، 33 برس بعد واپسی پر کیا دیکھا؟

سعودی شہری کا کہنا تھا اب مشکوک حالت محسوس نہیں کررہا جو پہلے تھی (فوٹو سبق)
سعودی عرب کے علاقے جازان کا شہری احمد الکعبی 33 سال بعد اچانک گھر واپس آ گیا۔ اتنا عرصہ غائب رہنے کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ انہیں خاندان کی جانب سے وہم ہو گیا تھا۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق احمد الکعبی نے اپنی کہانی سناتے ہوئے کہا کہ ’وہ 33 سال قبل جازان میں اپنے گھر سے نکلا اور پیدل ہائی وے پر پہنچ گیا جہاں سے مختلف طریقے اختیار کرتا ہوا جدہ پہنچ گیا۔‘
احمد الکعبی نے کہا کہ وہ خاندان سے دور رہنا چاہتا تھا کیونکہ یہ خیال دل میں ابھرا تھا کہ ان کے ساتھ کچھ غلط ہونے والا ہے۔ اسی سوچ کے تحت انہوں نے گھر چھوڑ دیا۔
سعودی شہری کا کہنا تھا ’گھر سے بھاگنے کے بعد 1996 میں جازان سے واپسی کا فیصلہ کیا جب اپنے شہر کی طرف جانے لگا تو عجیب و غریب احساس نے جدہ واپس جانے پر مجبور کر دیا۔‘
’ایک خاندانی لین دین کے تنازعے پر گھر والوں نے میری غیر موجودگی میں عدالت سے رابطہ کیا اور میرے لاپتہ ہونے کی عرضی دائر کی۔‘
انہوں نے مزید بتایا ’عدالت نے پولیس کے ذریعے میرا پتہ نکالا اور اہل خانہ سے رابطہ کیا جس کے بعد بیٹی سے موبائل پر رابطہ ہوا اور اس طرح گھر واپسی ہوئی۔‘
’گھر آکر جو سب سے بڑا دکھ ہو رہا ہے وہ یہ کہ والد کا انتقال ہوچکا ہے۔ بیٹی کی شادی ہوگئی جبکہ بیٹا 26 سال کی عمر میں انتقال کر گیا۔ جب چھوڑ کر گیا تھا تو وہ شیرخوار تھا۔‘
سعودی شہری کا کہنا ہے کہ ’اب وہم یا مشکوک حالت محسوس نہیں کر رہا جو پہلے تھی۔‘
 
واٹس ایپ پر سعودی عرب کی خبروں کے لیے اردو نیوز گروپ جوائن کریں

شیئر: