آئی سی سی: پاکستان میں منعقد ہونے والی چیمپئنز ٹرافی 2025 کے بجٹ کی منظوری
پیر 22 جولائی 2024 15:53
سوشل ڈیسک -اردو نیوز
انڈین کرکٹ ٹیم نے تاحال پاکستان آنے کا اعلان نہیں کیا (فوٹو: اے ایف پی)
انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے چیمپئنز ٹرافی 2025 کے لیے بجٹ کی منظوری دے دی ہے۔
کرکٹ ویب سائٹ ’ون کرکٹ‘ کے مطابق پیر کے روز کولمبو میں ہونے والی آئی سی سی کی سالانہ میٹنگ میں بجٹ کی منظوری دی گئی۔
پاکستان سال 2025 کے فروری اور مارچ سے شروع ہونے والی چیمپئنز ٹرافی کی میزبانی کرنے جا رہا ہے اور اس حوالے سے پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے شیڈول بھی جاری کر رکھا ہے۔
ٹورنامنٹ کا شیڈول جاری ہوجانے کے باوجود تاحال انڈین کرکٹ ٹیم نے پاکستان آمد کا حتمی اعلان نہیں کیا، تاہم اس کا فیصلہ انڈین کرکٹ بورڈ کو انڈین حکومت کی جانب سے ملنے والی اجازت سے مشروط ہے۔
اس سے قبل انڈین میڈیا کی جانب سے خبر نشر کی گئی تھی کہ انڈین ٹیم چیمپئنز ٹرافی کھیلنے پاکستان نہیں جائے گی اور اس مسئلے کا حل نکالنے کے لیے آئی سی سی کو انڈیا کے میچز دبئی یا سری لنکا میں کروانے کا کہا جائے گا۔
ون کرکٹ کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) پہلے ہی کراچی، لاہور اور راولپنڈی میں چیمپئنز ٹرافی 2025 کے مقامات کی تزئین و آرائش کے لیے 12.80 ارب روپے کا بجٹ جاری کر چکا ہے۔
آئی سی سی کے چیف فنانس آفیسر انکور کھنہ اور پی سی بی کے چیف فنانس آفیسر جاوید مرتضیٰ نے یہ بجٹ تیار کیا تھا۔
ون کرکٹ کی رپورٹ کے مطابق ’آئی سی سی کے حالیہ اجلاس میں جے شاہ نے انڈیا جبکہ محسن نقوی نے پاکستان کی نمائندگی کی، جہاں ہائبرڈ ماڈل کے بارے میں کوئی خاص بات نہیں ہوئی۔‘
قابل ذکر بات یہ ہے کہ بی سی سی آئی نے بظاہر ایک ہائبرڈ ماڈل تجویز کیا ہے، جبکہ پی سی بی ٹورنامنٹ کو مکمل طور پر پاکستانی سرزمین پر کرانا چاہتا ہے۔
دوسری جانب پی سی بی حکام بی سی سی آئی کے سیکریٹری جے شاہ کو چیمپیئنز ٹرافی کے بعد انڈیا اور پاکستان کے درمیان ٹی20 سیریز منعقد کرنے کے لیے قائل کرنے کا بھی ارادہ رکھتے ہیں۔
اگر بی سی سی آئی راضی ہوتا ہے تو انگلینڈ یا آسٹریلیا میں سے کوئی ملک اس ٹی20 سیریز کی میزبانی کرنے کو تیار ہوگا۔