آئی سی سی کا انڈین کرکٹر ارشدیپ سنگھ پر جرمانہ، ڈی میرٹ پوائنٹ بھی شامل
انڈیا کے فاسٹ بولر ارشدیپ سنگھ کو انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے آئی سی سی مینز ٹی20 ورلڈ کپ 2026 کے فائنل کے دوران ضابطۂ اخلاق کی خلاف ورزی پر میچ فیس کا 15 فیصد جرمانہ عائد کر دیا ہے۔
آئی سی سی کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق ارشدیپ سنگھ کو آئی سی سی ضابطۂ اخلاق کی شق 2.9 کی خلاف ورزی کا مرتکب قرار دیا گیا، جو میچ کے دوران کسی کھلاڑی کی طرف گیند یا کرکٹ کا سامان نامناسب یا خطرناک انداز میں پھینکنے سے متعلق ہے۔
یہ واقعہ احمد آباد کے نریندر مودی سٹیڈیم میں کھیلے گئے ٹی20 ورلڈ کپ فائنل کے دوران پیش آیا جب نیوزی لینڈ کی ٹیم 256 رنز کے ہدف کے تعاقب میں بیٹنگ کر رہی تھی اور میچ کے 11ویں اوور میں ارشدیپ سنگھ نے اپنی فالو تھرو پر گیند فیلڈ کی اور اٹھا کر جارحانہ انداز میں پھینکی جو بلے باز ڈیرل مچل کے پیڈز سے جا لگی۔
آئی سی سی کے مطابق ارشد یپ کے ڈسپلنری ریکارڈ میں ایک ڈی میرٹ پوائنٹ بھی شامل کیا گیا ہے، جو 24 ماہ کے عرصے میں ان کی پہلی خلاف ورزی ہے۔
رپورٹس کے مطابق ارشدیپ سنگھ نے آئی سی سی ایلیٹ پینل کے میچ ریفری اینڈی پائی کرافٹ کی جانب سے تجویز کردہ سزا قبول کر لی ہے جس کے بعد باقاعدہ سماعت کی ضرورت پیش نہیں آئی۔
آن فیلڈ امپائر رچرڈ النگورتھ اور الیکس وارف، تھرڈ امپائر اللہ الدین پالیکراور فورتھ امپائر ایڈرین ہولڈ سٹاک نے یہ چارج عائد کیا۔
اوور کے اختتام پر مچل اور ارشدیپ کو ہاتھ ملا کر مصافحہ کرتے دیکھا گیا۔
واضح رہے کہ انڈیا نے فائنل میں نیوزی لینڈ کو 96 رنز سے شکست دے کر تیسرا ٹی20 ورلڈ کپ جیتنے کا ریکارڈ اپنے نام کر لیا ہے۔
آئی سی سی کے ضابطۂ اخلاق کے تحت لیول ون کی خلاف ورزی پر کھلاڑی کو سرزنش سے لے کر میچ فیس کے 50 فیصد تک جرمانہ اور ایک یا دو ڈیمیرٹ پوائنٹس دیے جا سکتے ہیں۔