ٹی20 ورلڈ کپ جیتنے والی انڈین ٹیم کے لیے 131 کروڑ روپے کا انعام
منگل 10 مارچ 2026 11:14
سوشل ڈیسک -اردو نیوز
انڈیا کی جانب سے ٹی20 ورلڈ کپ ٹائٹل کے کامیاب دفاع کے بعد بی سی سی آئی نے سکواڈ کے لیے 131 کروڑ انڈین روپے کے نقد انعام کا اعلان کیا ہے۔
بی سی سی آئی نے اپنے بیان میں کہا کہ ’بورڈ اس تاریخی کامیابی پر کھلاڑیوں، معاون عملے اور سلیکٹرز کو ایک بار پھر مبارکباد دیتا ہے اور مستقبل میں ان کی مزید کامیابیوں کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کرتا ہے۔‘
اتوار کو احمد آباد میں انڈیا نے نیوزی لینڈ کو 96 رنز سے شکست دی تھی۔ انڈیا نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے اپنے ٹاپ تین بلے بازوں ابھشیک شرما، سنجو سیمسن اور ایشان کشن کی نصف سنچریوں کی بدولت پانچ وکٹوں پر 255 رنز بنائے۔
بعد ازاں جسپریت بمراہ نے چار اوورز میں 15 رنز دے کر چار وکٹیں حاصل کرتے ہوئے نیوزی لینڈ کی اننگز کو محدود کر دیا۔
انڈیا نے ریکارڈ تیسری بار ٹی20 ورلڈ کپ جیتا۔ ویسٹ انڈیز 2012 اور 2016 جبکہ انگلینڈ 2010 اور 2022 میں یہ اعزاز حاصل کر چکے ہیں۔
انڈیا مسلسل مینز ٹی20 ورلڈ کپ جیتنے والی پہلی ٹیم بھی بن گئی ہے۔ اس سے قبل کوئی بھی دفاعی چیمپئن فائنل تک بھی نہیں پہنچ سکا تھا۔ انڈیا پہلی ٹیم ہے جس نے یہ ٹورنامنٹ اپنے ہوم گراؤنڈ پر جیتا ہے۔
انڈین مینز ٹیم اس وقت چیمپئنز ٹرافی اور ٹی20 ورلڈ کپ دونوں کی دفاعی چیمپئن ہے۔
