سعودی وزیر اسلامی امور نے قاہرہ میں جامعہ الازہر کا دورہ کیا
سعودی وزیر اسلامی امور نے قاہرہ میں جامعہ الازہر کا دورہ کیا
پیر 26 اگست 2024 22:09
جامعہ کے مختلف کالجوں اور شعبوں کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔ (فوٹو: ایس پی اے)
سعودی وزیر برائے اسلامی امور شیخ عبداللطیف آل شیخ نے قاہرہ میں اسلامی امور کی سپریم کونسل کی 35 ویں بین الاقوامی کانفرنس کے موقع پر جامعہ الازہر کا دورہ کیا۔
ایس پی اے کے مطابق سعودی وزی نے جامعہ الازہر کے صدر ڈاکٹر سلامہ داود، مصر میں سعودی سفیر صالح بن عید الحصینی اور جامعہ کے متعدد عہدیداروں سے ملاقات کی۔
شیخ عبداللطیف آل شیخ کو جامعہ کے مختلف کالجوں اور شعبوں کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔ سائنسی اور تحقیقی شعبوں میں ممکنہ تعاون کے بارے میں تبادلہ خیال کیا گیا۔
سعودی وزیر نے عالمی سطح پر اعتدال پسندی کو فروغ دینے کےلیے جامعہ کی کوششوں کی تعریف کی اور ادارے کے تعاون کو سراہا۔
انہوں نے سعودی عرب اور مصر کے دونوں کے باہمی فائدے کے لیے سائنسی شعبوں میں تعاون بڑھانے کی اہمیت پر بھی زور دیا۔
جامعہ الازہر کے صدر نے سعودی عرب اور مصر کے درمیان مضبوط تعلقات کا ذکر کرتے ہوئے کانفرنس میں مملکت کی شرکت کی اہمیت اور اسلامی اعتدال پسندی کے اصولوں کو آگے بڑھانے میں اس کے قائدانہ کردار کو اجاگر کیا۔