Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

باپ کی پستول صاف کرتے ہوئے بے احتیاطی سے 11 ماہ کی بچی ہلاک

کراچی پولیس کے ترجمان کے مطابق بچی کے والد محمد بلال کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ (فائل فوٹو: اے ایف پی)
صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی میں باپ کی لاپرواہی سے 11 ماہ کی بچی ہلاک ہو گئی۔
پولیس کے مطابق بانٹوا ٹاؤن کے علاقے میں بدھ اور جمعرات کی درمیانی شب محمد بلال نامی شخص اپنے گھر میں پستول صاف کر رہا تھا۔ اس دوران بلال نے پستول کی صفائی کرتے وقت احتیاطی تدابیر نظرانداز کرتے ہوئے راؤنڈ سے بھری پستول کا چیمبر صاف کرنے کی کوشش کی، جس کے نتیجے میں پستول سے فائر ہو گیا۔ اور گولی کمرے میں موجود 11 ماہ کی بچی کائنات بلال کے سر پر جا لگی، جس سے وہ موقع پر دم توڑ گئی۔
کراچی پولیس کے ترجمان نے اردو نیوز کو بتایا کہ بچی کی لاش کو قریبی ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے جبکہ بچی کے والد محمد بلال کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ پولیس نے بلال کی پستول بھی اپنی تحویل میں لے لی ہے۔
کراچی میں اتفاقیہ گولی چلنے کا یہ پہلا واقعہ نہیں ہے۔ اس سے قبل بھی لائسنس رکھنے والوں کی بے احتیاطی کی وجہ سے کئی قیمتی جانوں کا نقصان ہو چکا ہے۔ دو ماہ قبل گلشن اقبال کے علاقے میں نوید کمال نامی شخص کے 8 سالہ بچے کی بھی والد کی بندوق سے کھیلتے ہوئے گولی چل جانے سے موت ہو گئی تھی۔
بچے کے والد نے گاڑی مکینک کو دینے سے قبل اپنا لائسنس یافتہ پستول گھر میں رکھا تھا، پستول لوڈڈ تھا اور گھر میں موجود بچے اپنے والد کی غیرموجودگی میں پستول سے کھیل رہے تھے۔ کھیل کھیل میں پستول کا ٹریگر دبایا جس کے نتیجے میں چیمبر میں لوڈ گولی چل گئی، اور بچے کو لگ گئی۔ گھر والوں نے واقعہ کے فوری بعد بچے کو ہسپتال منتقل کیا جہاں وہ دوران علاج دم توڑ گیا۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ اسلحہ لائسنس رکھنے والے اکثر افراد حفاظتی تدابیر کی خلاف ورزی کرتے ہیں، جس کی وجہ سے ان کے پیاروں کی قیمتی جانوں کا نقصان ہوتا ہے۔
آرمز ڈیلر محمد وسیم نے اردو نیوز سے بات کرتے ہوئے کہا کہ شہر میں اکثر سننے کو ملتا ہے کہ اتفاقیہ گولی چلنے سے کوئی زخمی یا جاں بحق ہو گیا ہے۔ انہوں نے اس کی بنیادی وجہ اسلحہ رکھنے والوں کی بے احتیاطی اور تربیت کی کمی قرار دی۔
محمد وسیم نے شہریوں کو مشورہ دیا کہ وہ اسلحہ خریدنے کے بعد فوراً شوٹنگ رینج کا دورہ کریں اور اسلحے کے صحیح استعمال کی تربیت حاصل کریں۔ کراچی میں متعدد شوٹنگ رینجز موجود ہیں، جہاں اسلحہ کی صفائی، اسے ٹھیک طرح سے رکھنے اور ہنگامی حالت میں استعمال کی تربیت دی جاتی ہے۔
واضح رہے کہ کراچی میں آرمی، رینجرز، پولیس اور مختلف پرائیویٹ شوٹنگ رینجز اسلحہ لائسنس رکھنے والوں کو تربیت فراہم کرتے ہیں تاکہ اسلحہ کے استعمال میں احتیاط اور سلامتی یقینی بنائی جا سکے۔

شیئر: