وطن سے غداری پر تین شہریوں کو سزائے موت
’معاشرے کی امن و سلامتی کو نقصان پہنچانے کے لیے مجرمانہ کام کئے ہیں‘ ( فوٹو: سبق)
سعودی وزارت داخلہ نے کہا ہے کہ وطن سے غداری کرنے پر تین شہریوں کو سزائے موت دے دی گئی ہے۔
سعودی پریس ایجنسی کے مطابق وزارت نے کہا ہے کہ ’سعودی شہری طلال الہذلی، مجدی الکعبی اور راید الکعبی نے وطن سے غداری کرتے ہوئے دہشت گرد تنظیموں سے وابستگی کرلی، شدت پسند سوچ اختیار کی اور معاشرے کی امن سلامتی کو نقصان پہنچانے کے لیے مجرمانہ کام کئے ہیں‘۔
’مذکورہ افراد کو عدالت میں پیش کیا گیا جس نے دلائل، شواہد اور ثبوت کی بنا پر اور زمین میں فساد پھیلانے کے باعث تینوں کا سر قلم کرنے کا فیصلہ سنایا‘۔
’بعد ازاں اپیل کورٹ نے زریں عدالت کے فیصلے کی تصدیق کی اور ایوان شاہی نے عدالتی فیصلہ نافذ کرنے کی منظوری دیدی‘۔
وزارت نے کہا ہے کہ ’آج اتوار کو ریاض میں عدالتی فیصلے پر عملدرآمد کردیا گیا‘۔