سعودی عرب کے دو جیو پارکس یونیسکو کی فہرست میں شامل
جمعرات 12 ستمبر 2024 5:35
کونسل کے نویں اجلاس کے فریم ورک میں اس کا اعلان کیا گیا۔ (فوٹو: ایس پی اے)
سعودی عرب کے نیشنل سینٹر فار ویجیٹیشن ڈیولپمنٹ اینڈ کامبیٹنگ ڈیزرٹیفیکیشن اورسعودی نیشنل کمیشن فار ایجوکیشن، کلچر اینڈ سائنس کا کہنا ہے کہ ’یونیسکو گلوبل جیوپارکس پروگرام کی کوآرڈینیٹنگ کونسل نے ریاض جیو پارک اور سلمی جیوپارک کو عالمی جیو پارکس کی نامزدگیوں کی فہرست میں شامل کر لیا ہے۔‘
اخبار 24 کے مطابق ویتنام میں 8 اور 9 ستمبر کو ہونے والے کونسل کے نویں اجلاس کے فریم ورک میں اس کا اعلان کیا گیا۔
نامزد کردہ سائٹوں کا انتخاب اعلٰی معیار کی بنیاد پر کیا گیا ہے جس میں عالمی سطح پر ارضیاتی شعبے کو مقررکردہ ضوابط کو مدنظر رکھا جاتا ہے۔
یونیسکو کی جانب سے کیے گئے اعلان کے مطابق 49 ممالک میں 228 پارکس کو فہرست میں درج کیا گیا ہے۔
اس حوالے سے یہ ایک اہم پیش رفت ہے جو مملکت کی جانب سے سبزہ زار کے اضافے کے لیے کی گئی کوششوں کی کامیابی کی دلیل ہے۔
جیو پارکس نیٹ ورکس کے حوالے سے مارچ 2025 میں یونیسکو کی جنرل کانفرنس میں اس حوالے سے حتمی اعلان کیا جائے گا۔ اس بارے میں مملکت پہلی بار جیو پارکس نیٹ ورک میں شامل ہو گا۔