Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’موقع کھو دیا‘، صدارتی مباحثے میں ٹرمپ کی کارکردگی پر ان کے اتحادی کیا کہتے ہیں؟

ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ ’میرے خیال میں یہ میرے بہتر مباحثوں میں سے ایک تھا‘ (فوٹو: روئٹرز)
حالیہ صدارتی مباحثے میں اگرچہ سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنی کارکردگی کوخود سراہا ہے تاہم ان کی جماعت کے کچھ ریپبلکن عہدیداروں اور مشیروں کا کہنا ہے کہ حریف امیدوار کملا ہیرس کے ساتھ اُن کی بحث ناکام رہی۔
برطانوی خبر رساں ایجنسی روئٹرز کے مطابق ڈونلڈ ٹرمپ نے بدھ کو ’فاکس اینڈ فرینڈز‘ پروگرام میں کہا کہ ’میرے خیال میں یہ میرے بہتر مباحثوں میں سے ایک تھا، شاید میرا بہترین مباحثہ۔‘
ریپبلکن سینیٹر لنڈسے گراہم جو ڈونلڈ ٹرمپ کے اہم اتحادی ہیں، پارٹی کے اُن چند رہنماؤں میں سے ایک ہیں جنہوں نے کُھل کر کہا کہ سابق صدر کی کارکردگی خراب تھی۔
انہوں نے ریپبلکن صدارتی اُمیدوار کی مباحثے میں کارکردگی کے حوالے سے نامہ نگاروں کو کہا کہ ڈونلڈ ٹرمپ نے ’موقع کھو دیا۔ سابق صدر توجہ مرکوز رکھنے میں ناکام رہے اور اپنے ریکارڈ کو آگے بڑھانے کا موقع کھو بیٹھے ہیں۔‘ 
ڈونلڈ ٹرمپ کے سابق اتحادی کرس کرسٹی جو اب ان کے ناقد ہیں، نے کہا ہے کہ کملا ہیرس کی تیاری ’شاندار‘ تھی جبکہ ٹرمپ تیار نہیں تھے۔
انہوں نے اے بی سی نیوز سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ’جس نے بھی ڈونلڈ ٹرمپ کو مباحثے کی تیاری کرائی اُسے برطرف کر دینا چاہیے۔ آج رات اُن کی کارکردگی بالکل بھی اچھی نہیں تھی۔‘
روئٹرز نے جب ٹرمپ کو مباحثے کے لیے تیار کرانے والی ٹیم سے جاننا چاہا کہ آیا ٹیم میں سے کسی کو نکالا گیا ہے تو انہوں نے جواب نہیں دیا۔
روئٹرز نے اُن دس ووٹرز کے انٹرویوز کیے جنہوں نے ابھی تک یہ فیصلہ نہیں کیا کہ وہ کس امیدوار کو ووٹ دینا چاہیں گے۔ چھ نے مباحثے کے بعد کہا کہ وہ ڈونلڈ ٹرمپ کو ووٹ دیں گے یا پھر ان کی حمایت کریں گے۔

ڈونلڈ ٹرمپ اور ڈیموکریٹک امیدوار کملا ہیرس کے درمیان فلاڈیلفیا میں پہلا صدارتی مباحثہ ہوا جو 90 منٹ تک جاری رہا (فوٹو: اے ایف پی)

تین کا کہنا تھا کہ اب وہ کملا ہیرس کی حمایت کریں گے جبکہ ایک ووٹر نے کہا کہ وہ ابھی تک فیصلہ نہیں کر پائے کہ کسے منتخب کریں گے۔
ریپبلکن پارٹی کے صدارتی اُمیدوار ڈونلڈ ٹرمپ اور ڈیموکریٹک پارٹی کی امیدوار اور نائب صدر کملا ہیرس کے درمیان پہلے مباحثے میں اسقاطِ حمل، معیشت، امیگریشن اور سابق صدر کو درپیش قانونی اُلجھنوں پر گرما گرم بحث ہوئی۔
امریکہ میں ریپبلکن پارٹی کے صدارتی امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ اور ڈیموکریٹک امیدوار کملا ہیرس کے درمیان فلاڈیلفیا میں پہلا صدارتی مباحثہ ہوا جو 90 منٹ تک جاری رہا۔ 
59 سالہ سابق پراسیکیوٹر کملا ہیرس نے کڑی تنقید کا سلسلہ جاری رکھا جس نے ڈونلڈ ٹرمپ کو اضطرابی کیفیت سے دوچار کر دیا اور بظاہر مشتعل نظر آنے والے سابق صدر نے جواب میں اپنی حریف کے خلاف ’جھوٹ پر مبنی‘ بیانات کی بوچھاڑ کر دی۔

شیئر: