Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی عرب کا جوہری پروگرام آگے بڑھ رہا ہے: شہزادہ عبدالعزیز بن سلمان

ریاض نیوکلیئر ایمرجنسی پر گلوبل کانفرنس کی میزبانی کرے گا ( فوٹو: ایس پی اے)
سعودی وزیر توانائی شہزادہ عبدالعزیز بن سلمان نے کہا ہے کہ ’سعودی عرب کا جوہری پروگرام آگے بڑھ رہا ہے کیونکہ مملکت، توانائی کے ذرائع کو متنوع بنانے اور پائیدار ترقی کی سپورٹ کےلیے کام کررہی ہے‘۔
’سعودی عرب اپنی جوہری ترقی کو آگے بڑھا رہا ہے جس میں عالمی ایٹمی توانائی ایجنسی کے سیف گارڈز ایگریمنٹس کی پابندی کی جارہی ہے‘۔
انہوں نے کہا’ سعودی عرب اپنی بین الاقوامی ذمہ داریوں کو پورا کرنے کے لیے پر عزم ہے اور جوہری توانائی کو پرامن مقاصد کےلیے استعمال کرے گا۔‘
ایس پی اے کے مطابق شہزادہ عبدالعزیز بن سلمان نے پیرکو ویانا میں انٹرنیشنل اٹامک انرجی ایجنسی کی جنرل کانفرنس کے 68 ویں اجلاس میں خطاب کرتے ہوئے کہا مملکت نے جوہری ریگولیٹری امور کے حوالے سے بنیادی تقاضے پورے کرلیے۔
’ہم پرامن جوہری توانائی کے لیے قومی منصوبے پرعملدرآمد جاری رکھے ہوئے ہیں جبکہ ہمارا نظام اور انفراسٹرکچر مطلوبہ بین الاقوامی ریگولیٹری ضروریات کو پورا کرتے ہیں‘۔
شہزادہ عبدالعزیز بن سلمان نے کہا ’مملکت پرامن مقاصد کے لیے جوہری توانائی سے فائدہ اٹھانے کی طرف بڑھ رہی ہے، جس میں مملکت میں پہلے جوہری انرجی پلانٹ کی تعمیر شامل ہے‘۔
وزیر توانائی نے وضاحت کی جولائی 2024 میں مملکت کی جانب سے عالمی ایٹمی توانائی ایجنسی کو حفاظتی معاہدے کے حوالے سے درخواست دی تھی۔
’قومی جوہری توانائی پروگرام کے حوالے سے عالمی ضوابط کی پابندی تقاضوں کو پورا کرتے ہیں۔ رواں برس 7 اگست کو مملکت کی جانب سے ایجنسی کو درکار خصوصی معاہدے اور ضمانتیں فراہم کی ہیں جو جوہری سلامتی کے شعبے سے متعلق ہیں‘۔
انہوں نے مزید کہا ’سعودی عرب اپنے جوہری منصوبوں کی ترقی میں شفافیت کو مستقل طور پر ترجیح  دے رہا ہے۔ ہمارے لیے چھپانے کے لیے کچھ نہیں ہے،ہم دوسروں کے لیے ایک رول ماڈل بننا چاہتے ہیں‘۔
انہوں نے جوہری شعبے میں سلامتی کو برقرار رکھنے میں عالمی اٹامک توانائی ایجنسی کی کوششوں پر اطمیان کا اظہار کیا۔
ان کا کہنا تھا ’ریاض 2025 کے آخرتک نیوکلیئر ایمرجنسی پر گلوبل کانفرنس کی میزبانی کرے گا‘۔

شیئر: